0
Monday 15 Jun 2020 12:13

وفاق نے سندھ حکومت سے کراچی کے 3 بڑے اسپتالوں کا کنٹرول واپس لے لیا

وفاق نے سندھ حکومت سے کراچی کے 3 بڑے اسپتالوں کا کنٹرول واپس لے لیا


اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے کراچی کے تینوں بڑے اسپتالوں کا کنٹرول سندھ حکومت سے واپس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری شدہ نوٹیفکیشن میں جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ کے انتظامیہ کو لکھا گیا ہے کہ مذکورہ اسپتالوں سے کسی بھی قسم کی مشینری یا آلات کی منتقلی نہیں ہوگی، نہ ہی استالوں میں کوئی نئی بھرتی کرنے کی اجازت ہوگی، اسپتالوں کی تمام تر تفصیلات وفاقی وزارت قومی صحت کو ارسال کی جائیں۔ دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت میں صوبوں کو صوبائی خودمختاری دیئے جانے کے حوالے سے کی جانے والی 18ویں ترمیم کی منظوری کے بعد کراچی میں وفاق کے ماتحت چلنے والے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر، قومی ادار برائے امراض قلب اور قومی ادار برائے اطفال صحت کو صوبائی حکومت سندھ کے ماتحت کر دیا گیا تھا، جس کے بعد ان تینوں اسپتالوں کو انتظامی طور پر محکمہ صحت سندھ کے ماتحت کر دیا گیا تھا اور ان تینوں اسپتالوں کے انتظامی سربراہوں کو صوبائی محکمہ صحت کو رپورٹ کرنے کی ہدایت اور باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔ بعد ازاں تینوں اسپتالوں کے ملازمین کی جانب سے اس فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلینچ کیا گیا تھا، جو کئی سال تک عدالت عالیہ میں زیر سماعت رہا۔

وفاق سے صوبائی حکومت کے ماتحت ہونے سے قبل ان تینوں اسپتالوں کے ملازمین وفاقی حکومت کے ملازمین تھے، ان میں سے سینکڑوں ملازمین نے اسپتالوں کو صوبائی حکومت کے زیر انتظام کرنے کے خلاف اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا، کئی سال مقدمہ عدالت میں زیر سماعت رہا، جس کے بعد اعلیٰ عدالت نے اپنے فیصلے میں کراچی اور لاہور سمیت ان اسپتالوں کو واپس وفاق کے ماتحت کرنے کی ہدایت دی تھی۔ کراچی میں وفاق کے ان تینوں اسپتالوں کو جب صوبائی حکومت کے ماتحت کیا گیا، تو ملازمین کے سروسز، پروموشن، رٹائرڈمنٹ سمیت دیگر پیچیدہ مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں کراچی کے جناح اسپتال، این آئی سی ایچ اور این آئی سی وی ڈی اسپتالوں کیلئے 13 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اس سے قبل جب تک یہ تینوں اسپتال صوبائی حکومت کے ماتحت تھے، تو سندھ حکومت کی جانب سے ان اسپتالوں کو گرانٹ فراہم کی جاتی رہی، 2020۔2021ء کا صوبائی بجٹ میں یہ دیکھنا یوگا کہ صوبائی حکومت ان اسپتالوں کیلئے رقم مختص کرتی ہے یا نہیں۔
خبر کا کوڈ : 868690
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش