0
Monday 15 Jun 2020 14:34

یونیورسٹیز میں قرآن کی تعلیم کا فیصلہ احسن اقدام ہے، علامہ عبدالخالق اسدی

یونیورسٹیز میں قرآن کی تعلیم کا فیصلہ احسن اقدام ہے، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے پنجاب کی تمام یونیورسٹیز میں قرآن مجید کا ترجمہ لازمی قرار دینے کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی جامعات میں ترجمے کیساتھ قرآن پڑھانے کے فیصلے سے مجلس وحدت مسلمین کے موقف کو تقویت ملی ہے، ایم ڈبلیو ایم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے، یہ فیصلہ دراصل تعلیمی اداروں میں موجود اسلام پسندوں کی جیت اور غیر اسلامی عناصر کی حوصلہ شکنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین تعلیمی اداروں میں دینی ماحول کی خواہاں ہے، اس سے نسل نوء کی تربیت بہتر انداز میں ممکن ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم مکمل ضابطہ حیات ہے، جس کے فہم سے ہی دنیا و آخرت کی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں، اس فیصلے سے تعلیمی اداروں میں موجود غیر اسلامی عناصر کا ایجنڈا مزید کمزور ہو جائے گا، جامعات اس فیصلے پر جلد عمل شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص این جی اوز تعلیمی اداروں میں سیکولر ازم کی آڑ میں فحاشی و عریانی کے ایجنڈے کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں، مگر اس فیصلے سے ایسے عناصر کی بھی حوصلہ شکنی ہو گی جو بے حیانی پھیلانے کیلئے کوشاں تھے۔ انہوں نے کہا کہ نصاب کو بھی اسلامی اصولوں سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ نسل نوء کی تربیت اسلامی اصولوں پر ہو سکے اور وہ معاشرے کے فعال، موثر اور مفید شہری بن سکیں۔
خبر کا کوڈ : 868718
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش