0
Tuesday 16 Jun 2020 09:58

پنجاب حکومت نے بجٹ میں محروم طبقے کو ترجیح دی ہے، بشارت راجہ

پنجاب حکومت نے بجٹ میں محروم طبقے کو ترجیح دی ہے، بشارت راجہ
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر قانون کہتے ہیں پنجاب حکومت نے بجٹ میں محروم اور کاروباری طبقہ، جنوبی پنجاب اور سوشل سیکٹر سمیت عام آدمی کی بہبود کو ترجیح دی ہے۔ صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر بشارت راجہ نے پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے محروم اور کاروباری طبقہ، جنوبی پنجاب اور سوشل سیکٹر سمیت عام آدمی کی بہبود کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی مشکل حالات میں عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اور پنجاب حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سیکٹر کی ترقی کیلئے پونے 78 ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے، جس سے غریب اور عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔ بشارت راجہ نے کہا کہ لاہور میں پی ٹی آئی کے خصوصی منصوبہ کی کامیابی کے بعد ہر ڈویژن میں پناہ گاہیں قائم کی جائیں گی۔
 
انہوں نے کہا کہ لاہور و راولپنڈی میں خواتین کیلئے انسداد تشدد مراکز اور معذوروں کیلئے فیصل آباد اور بہاولپور میں بحالی مراکز کی تعمیر بھی اس بجٹ کے اہم نکات میں شامل ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے 9 ارب کی لاگت سے سیف سٹی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جبکہ نئے بجٹ میں راولپنڈی رنگ روڈ کا منصوبہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کیلئے ایک اور نوید لایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈز مختص کرکے پی ٹی آئی نے اپنے وعدے پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ اسی سال یکم جولائی سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کام شروع کر دے گا جس سے یہاں کے عوام کی محرومیوں کے ازالے میں مدد ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 868857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش