0
Tuesday 16 Jun 2020 10:21

فیصل آباد، کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ 25 علاقے ہاٹ اسپاٹ قرار دیے کر سیل کرنے کا فیصلہ

فیصل آباد، کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ 25 علاقے ہاٹ اسپاٹ قرار دیے کر سیل کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ 25 علاقے ہاٹ اسپاٹ قرار دیے کر سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق جن علاقوں کو سیل کیا جائے گا ان میں نثار کالونی، ستارہ کالونی، ایڈن گارڈن، النجف کالونی اور پیپلز کالونی نمبر 1 شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت آفیسرز کالونی، رضا گارڈن، کچہری بازار اور مدینہ ٹاون سمیت دیگر علاقے بھی کورونا وائرس کی وجہ سے سیل کیے جائیں گے۔ فیصل آباد میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3800 سے زائد ہو چکی ہے جب کہ مہلک وبا کا نشانہ بن کر 92 افراد اپنی جانوں کی بازیاں بھی ہار چکے ہیں۔ حکومتی فیصلے کے تحت آج رات سے لاہور کے 80 ہاٹ اسپاٹس علاقوں کو سیل کردیا جائے گا۔ یہ فیصلہ بھی عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کل رات 12 بجے سے لاہور کے بہت سے علاقوں کو بند کر دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لاہور میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ جہاں وائرس کا پھیلاؤ ہے وہاں اقدامات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے زیادہ کیسز والے علاقوں میں مختلف حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ متاثرہ علاقے آئندہ دو ہفتوں تک بند رہیں گے۔ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ متعلقہ علاقوں میں کھانے پینے کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے عوام الناس سے اپیل کی تھی کہ وہ جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 868865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش