QR CodeQR Code

گلگت میں آل پارٹیز کانفرنس، عام انتخابات بروقت کرانے کا مطالبہ

16 Jun 2020 11:45

اے پی سی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس گلگت بلتستان میں صاف و شفاف اور بروقت انتخابات کے انعقاد کی سفارش کرتی ہے اور اسکو یقینی بنانے میں تمام جماعتیں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی زیر صدارت جی بی میں صاف و شفاف اور بروقت انتخابات کے انعقاد کیلئے آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں اسلامی تحریک پاکستان، جمعیت علمائے اسلام، جماعت اسلامی، پاکستان تحریک انصاف، بالاورستان نیشنل فرنٹ، مجلس وحدت مسلمین اور عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں نے بروقت الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے سات نکات پر اتفاق کر لیا۔ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ اے پی سی کا مقصد عام انتخابات کا صاف و شفاف اور بروقت انعقاد یقینی بنانا ہے۔ جی بی میں انتخابات کا انعقاد سخت ایس او پیز کے تحت بروقت ہونا چاہیئے۔ تمام جماعتوں نے گلگت بلتستان میں صاف و شفاف اور بروقت انتخابات کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل اس طرح کا مثبت اقدام نہیں ہوا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں شریک تمام سیاسی جماعتوں نے مشترکہ طور پر اعلامیہ جاری کیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس گلگت بلتستان میں صاف و شفاف اور بروقت انتخابات کے انعقاد کی سفارش کرتی ہے اور اس کو یقینی بنانے میں تمام جماعتیں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انتخابی عمل میں غیر ضروری تاخیر احسن اقدام نہیں ہوگا۔ چونکہ انتخابی مہم جتنی طویل ہوگی، حساس اور اختلافی نعروں کو پروان چڑھنے کا ماحول میسر ہوگا۔ جمہوری اور آئینی اقدار کے مطابق جلد از جلد عوامی مینڈیٹ حاصل کردہ حکومت و اسمبلی کو اختیارات منتقل ہونے چاہیئں۔ جس طرح الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو نئی اصلاحات اور منصوبوں کے اعلان اور افتتاح سے روکا ہے، وہی بندش اور ضابطہ اخلاق وفاق پر بھی لاگو ہونا چاہیئے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے نئے منصوبوں کا اعلان الیکشن کی شفافیت اور توازن کو متاثر کرے گا۔ تمام سیاسی جماعتیں اور نمائندے حساس معاملات جیسے ملکی خود مختاری کیخلاف بات کرنے، فرقہ وارانہ رنگ، لسانی عصبیت اور نسل پرستی کے نعروں سے اجتناب کریں گے۔

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف اس کی جماعت اور متعلقہ آئینی و انتظامی مشینری تادیبی کارروائی کرے گی۔ وال چاکنگ، شہروں کے حسن کو خراب کرتی ہے اور گلی محلے کی سطح پر فساد کا باعث بنتی ہے، اس لئے اجتناب کیا جائے، تمام امیدواران بل بورڈ، پمفلٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے منشور اور وعدوں اور نعروں کی ترویج کریں گے، جسے الیکشن کے بعد اتارنا ممکن ہوسکے گا۔ سڑک، مین شاہراہ، بازار، پتھر، پہاڑ وغیرہ پر انتخابی تشہیر بذریعہ وال چاکنگ پابندی ہوگی۔ انتخابات ملک بھر کی طرح مروجہ سسٹم کے ذریعے ہونے چاہیئں۔ ای ووٹنگ کا تجربہ گلگت بلتستان میں مشکلات کا سبب بنے گا۔ امن و امان کے ماحول کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن ہر حلقے اور پولنگ سٹیشن کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوج سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات حاصل کرنے کی سفارش کرے۔ وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر نگران وزیراعلیٰ کا انتخاب باہمی مشاورت سے کریں گے۔ یہ فورم امید کرتا ہے کہ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور وزیراعظم پاکستان جی بی کی اجتماعی رائے کا احترام کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 868902

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/868902/گلگت-میں-ا-ل-پارٹیز-کانفرنس-عام-انتخابات-بروقت-کرانے-کا-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org