QR CodeQR Code

کراچی میں ڈکیتی کی انوکھی واردات، ڈاکوؤں نے شہری کو لوٹا پھر گلے لگاکر سامان واپس کردیا

16 Jun 2020 18:10

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ملزم نوجوان سے نقد رقم، موبائل فون اور دیگر چیزیں چھین لیتا ہے جب کہ اس دوران فوڈ ڈیلیوری رائیڈر نے ملزمان کو کچھ کہا اور رونے لگ گیا۔ اس دوران نوجوان سے لوٹ مار کرنے والے ملزم کو شاید اس پر ترس آگیا اور چھینی ہوئی تمام چیزیں رائیڈر کو نہ صرف واپس کیں بلکہ اسے گلے بھی لگایا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بہت کم ایسا دیکھا گیا ہے کہ ملزمان اپنے ٹارگٹ سے کسی طور پر متاثر ہوئے ہوں اور اسے لوٹا گیا سامان واپس کرکے گلے لگایا ہو لیکن حال ہی میں کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہی ہے جسے دیکھنے والے شہری اسٹریٹ کرمنلز کے ہمدردانہ رویئے سے بہت متاثر ہورہے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں فوڈ ڈیلیوری بوائے کو گلی میں واردات کا نشانہ بنتے دیکھا جاسکتا ہے، ڈیلیوری بوائے گاہک سے پیسے لے کر جیسے ہی موٹر سائیکل کی طرف آتا ہے تو موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان پہنچ کر اسے اسلحہ کے زور پر یرغمال بنالیتے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ملزم نوجوان سے نقد رقم، موبائل فون اور دیگر چیزیں چھین لیتا ہے جب کہ اس دوران فوڈ ڈیلیوری رائیڈر نے ملزمان کو کچھ کہا اور رونے لگ گیا۔ اس دوران نوجوان سے لوٹ مار کرنے والے ملزم کو شاید اس پر ترس آگیا اور چھینی ہوئی تمام چیزیں رائیڈر کو نہ صرف واپس کیں بلکہ اسے گلے بھی لگایا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل چلانے والا ملزم بھی رائیڈر سے ہاتھ ملاتا ہے اور ملزمان جاتے فوڈ ڈیلیوری بوائے سے پھر ہاتھ ملاتے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اس کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر تھپتھپاتے ہیں۔ ملزمان کے جانے کے بعد بھی رائیڈر کو روتا ہوا دیکھا گیا۔ خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر انسانیت کے نام سے یہ ویڈیو وائرل ہورہی ہے تاہم پولیس حکام کے مطابق یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ ویڈیو کراچی کی ہے تو شہر کے کس تھانے کی حدود کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 869011

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/869011/کراچی-میں-ڈکیتی-کی-انوکھی-واردات-ڈاکوؤں-نے-شہری-کو-لوٹا-پھر-گلے-لگاکر-سامان-واپس-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org