0
Wednesday 17 Jun 2020 10:19

او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے کشمیر کانفلیکٹ گروپ کا اجلاس بلانے کا فیصلہ

او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے کشمیر کانفلیکٹ گروپ کا اجلاس بلانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے کشمیر کانفلیکٹ گروپ کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اورسلامتی کونسل کے اراکین کو بھی خطوط لکھے ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال بگڑتی جارہی ہے، ہم اس کا جائزہ  لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ساری صورتحال کا ذمہ دار بھارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ایک ہمسایہ نہیں ہے جس سے بھارت کے تعلقات اچھے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چین، نیپال اور بنگلہ دیش کے ساتھ بھارت کا مسئلہ چل رہا ہے اور اس کا اپنا رویہ آڑے آرہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر مسلسل فائرنگ کرکے شہریوں کو شہید کررہی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی ہندوتوا سرکار کو منہ کی کھانی پڑے گی کیونکہ اس کی کارروائی سب کے سامنے ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اب بھارتی فوج کی 20 کے قریب اموات ہو چکی ہیں اور یہ تعداد بڑھ بھی سکتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج بھارتی دانشور بھی پوچھ رہے ہیں کہ خارجہ پالیسی کیا ہے؟ کیونکہ عالمی سطح پربھارت تنہا ہو گیا ہے۔ انہوں نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بنا منصوبہ بندی کے لاک ڈاؤن کیا گیا، نتیجتاً بے ہنگم لاک ڈاؤن کی وجہ سے نہ صرف کورونا کا پھیلاؤ رکا نہیں بلکہ معیشت کا بھی بھٹہ بیٹھ گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی مسلمانوں کے ساتھ جو رویہ اپنایا جارہا ہے وہ دنیا کے سامنے ہے جب کہ وہاں کی اپوزیشن اوردیگر اقلیتیں بھی حکومت سے نالاں ہیں۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پہلے تو عالمی ذرائع ابلاغ بھارتی حکومت پر تنقید کررہا تھا لیکن اب خود بھارتی میڈیا بھی اپنی حکومت کو نکتہ چینی کا نشانہ بنا رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مغربی سرحد پہ قیام امن کے لیے اقدامات کررہا ہے اور افغان امن عمل میں تعاون کر رہا ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ وادی چنار کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد بڑھ رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 869093
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش