0
Wednesday 17 Jun 2020 18:08

کراچی کے 3 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار

کراچی کے 3 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار
اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کیلئے کراچی کے تین اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاون کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، ضلع شرقی، غربی اور کورنگی کی 43 یونین کونسلوں میں اسمارٹ لاک ڈاون کی تجویز ہے۔ تفصیلات کے مطابق عید سے کچھ دن پہلے دی گئی چھوٹ کورونا کیسز میں اضافے کا سبب بنی تو ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی اسمارٹ لاک ڈاون کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ شہری انتظامیہ کا بتانا ہے کہ ضلع شرقی، غربی اور ضلع کورنگی کی 43 یونین کونسلز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا اور متاثرہ علاقوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے سیل کیا جائے گا۔ پابندی کے اوقات اور ضروری اشیا کی فراہمی کا طریقہ کار محکمہ داخلہ طے کرے گا، محکمہ پولیس لاک ڈاؤن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جس کے بعد لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق ضلع غربی میں منگھوپیر، بلدیہ ٹاون، سائٹ اور کیماڑی سمیت 13 یونین کونسلز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔

ضلع شرقی کی 16 یونین کونسلز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے گا، جن میں محمد علی سوسائٹی، بہادرآباد، عیسیٰ نگری، گلشن اقبال، صفورا گوٹھ، عسکری فور، گلستان جوہر بلاک 13، پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 اور بلاک 6، بلتی محلہ، مارٹن کوارٹر، فاطمہ جناح کالونی، تین ہٹی، جہانگیر روڈ ایک اور 2 نمبر، سولجر بازار اور نمائش کے علاقے شامل ہیں۔ ضلع کورنگی کی 14 یونین کونسلز پابندی کی زد میں آئیں گی، جن میں ناتھا خان گوٹھ، کھوکھراپار، بھٹائی کالونی، زمان ٹاؤن اور چکراگوٹھ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ناصر کالونی، عوامی کالونی، ماڈل کالونی، الفلاح، ڈرگ روڈ اور ایئرپورٹ کے علاقوں میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ ان علاقوں کو پولیس اور رینجرز کی مدد سے سیل کیا جائے گا، لاک ڈاؤن کے اوقات کیا ہوں گے، کون سا کاروبار کھولا اور کون سا بند رکھا جائے گا، یہ فیصلہ صوبائی محکمہ داخلہ کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 869195
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش