QR CodeQR Code

اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، شیعہ سنی علماء

17 Jun 2020 18:24

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ ہم فلسطین، کشمیر، یمن، شام، بھارت، عراق، بحرین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور استعماری قوتوں اسرائیل، امریکا، بھارت کے خلاف متحد و بیدار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کا کہنا ہے کہ بیت المقدس پر قابض اسرائیل کو تسلیم کئے جانے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، اسرائیل کسی صورت منظور نہیں۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ علماء محاذ کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر مولانا انتظارالحق تھانوی کی زیر صدارت کراچی میں ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس سے مہمانان خصوصی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی، نائب صدور علامہ علی کرار نقوی، علامہ قرۃ العین عابدی، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ سید عقیل انجم قادری، علامہ سید سجاد شبیر رضوی، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، اسلم فاروقی، علامہ حفیظ اللہ ہادیہ صدیقی، علامہ روشن دین الرشیدی، علامہ شیخ سکندر حسین نوربخشی، مطلوب اعوان قادری، مولانا منظرالحق تھانوی، علامہ شاہدین اشرفی، فیصل علی بلوچ، یعقوب احمد شیخ، حافظ گل نواز، فہیم الدین انصاری، حماد قاسم شکاپوری، حافظ ساجد و دیگر نے شرکت و خطاب کیا۔ علماء کرام نے اجلاس میں سندھ اسمبلی میں نبی کریمﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبیین کا لفظ لازمی پڑھنے اور لکھنے کی قرارداد منظور کئے جانے کا خیر مقدم کیا اور نویں دسویں جماعت کے نصاب میں خاتم النبیین کے الفاظ کاٹے جانے کی شدید مذمت کی۔

علماء کرام کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں خاتم النبین محمدﷺ، اُمہات المومنینؓ، خلفائے راشدین و اہل بیت اطہارؑ اور صحابہؓ کی ناموس کے حوالے سے جرأت مندانہ تاریخی قانون سازی کا بھی خیر مقدم کیا گیا۔ اجلاس میں شیعہ سنی علماء کرام نے مشترکہ مؤقف میں کہا کہ اصحاب رسولؐ و اہل بیت اطہارؑ کے دشمنوں پر لعنت بھیجتے ہیں۔ اجلاس میں خلیفہ عمر ابن عبدالعزیز کے مزار کی توہین کے حوالے سے جھوٹی من گھڑت خبروں کو بنیاد بنا کر فرقہ وارانہ سازشوں کی شدید مذمت کی گئی۔ علما کرام نے کہا کہ ہم فلسطین، کشمیر، یمن، شام، بھارت، عراق، بحرین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور استعماری قوتوں اسرائیل، امریکا، بھارت کے خلاف متحد و بیدار ہیں، ملکی امن و استحکام کے خلاف اور فرقہ وارانہ سازشوں کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، فرقہ پرستوں کا ہر سطح پر محاسبہ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 869197

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/869197/اسرائیل-کو-تسلیم-کرنے-کی-کوئی-سازش-کامیاب-نہیں-ہونے-دینگے-شیعہ-سنی-علماء

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org