0
Wednesday 17 Jun 2020 18:41

سانحہ ماڈل ٹاون کے ذمہ داروں کو 6 سال سے سزا نہیں ملی، طاہرالقادری

سانحہ ماڈل ٹاون کے ذمہ داروں کو 6 سال سے سزا نہیں ملی، طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی چھٹی برسی پر آڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیراعظم وہ شخص ہے جو میرے شانہ بشانہ کھڑا ہو کر ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کیلئے انصاف لینے کی بات کرتا تھا اور وعدہ کرتا تھا اقتدار میں آ کر مظلوموں کو انصاف دلواؤں گا، آج مرکز پنجاب میں طاقت ان کے پاس ہے مگر وہ خاموش ہیں، ایک بیان دینے کے بھی روادار نہیں ہیں، انہی کی حکومت میں انصاف تو کیا ملنا تھا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ظلم کیخلاف احتجاج کرنیوالوں کو سات، سات سال کی سزائے قید سنا دی گئی، اللہ بھلا کرے ان جج صاحبان کا جنہوں نے 13 اسیران کی ضمانت منظور کی، ظلم کا شکار ضمانتیں کروا رہے ہیں اور قتل عام کرنیوالے آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی خون بہانے والے کسی قاتل کو آج کے دن تک کوئی سزا نہیں ملی، انصاف کی فراہمی کے وعدے کرنیوالے طاقتور ادارے کہاں ہیں؟ کہاں ہے قانون کی بالادستی؟ کمزور، مزدور، محنت کش، مظلوم کی بات کرنیوالے بھی کہیں نظر نہیں آ رہے، منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کیلئے قرآن خوانی کی گئی۔ شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر (ر) اقبال  احمد خان، نوراللہ صدیقی، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، حاجی امجد حسین قادری، میاں غلام مرتضیٰ و دیگر رہنما موجود تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے وزیراعظم سے ہر سطح پر رابطے کر رہے ہیں، مگر جواب کوئی نہیں ملا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے تین ماہ قبل وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری سے بات ہوئی تھی تاحال کوئی جواب نہیں ملا، عمران خان سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کو بھول گئے یا ان کی ترجیح نہیں رہا، اس  سوال کا جواب وہی دے سکتے ہیں۔

طاہرالقادری نے مزید کہا کہ ریاستیں اور حکومتیں کفر کیساتھ تو چل سکتی ہیں مگر ظلم کیساتھ نہیں، ظالم ہر صورت اپنے انجام کو پہنچتا ہے، ظالم کو بچانے والا بھی ظالم ہوتا ہے، مظلوموں کو انصاف دلوانا ہمارا ایمانی، ملی، تحریکی، انسانی فریضہ ہے، ہم سرنڈر نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن شہداء نے جانیں دیں اور پھر ظالموں کے خلاف ڈٹ گئے میں ان سب کو سلام پیش کرتا ہوں، ظلم کے نظام کیخلاف سینہ سپر ہونیوالے شہدائے اسلام آباد کو بھی سلام کرتا ہوں، ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہوں۔ اس موقع پر عوامی تحریک کے مرکزی قائدین، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور کارکنان بڑی تعداد میں شریک تھے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد عوامی تحریک رہنماؤں اور کارکنوں نے جامع المنہاج میں قرآن خوانی کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قبروں پر جا کر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔
خبر کا کوڈ : 869204
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش