1
Wednesday 17 Jun 2020 21:30

مزید فلسطینی سرزمین کے اسرائیل کیساتھ الحاق کا منصوبہ 2 مراحل میں انجام پائیگا، اسرائیلی اخبار

مزید فلسطینی سرزمین کے اسرائیل کیساتھ الحاق کا منصوبہ 2 مراحل میں انجام پائیگا، اسرائیلی اخبار
اسلام ٹائمز۔ صیہونی اخبار اسرائیل ہیوم نے لکھا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے مزید فلسطینی اراضی کے اسرائیل کے ساتھ الحاق کا منصوبہ 2 مراحل میں انجام پائے گا۔ صیہونی اخبار نے صفحۂ اول پر لگائی جانے والی اپنی خبر میں لکھا کہ پہلے مرحلے کے دوران اسرائیلی حکومت بڑی صیہونی بستیوں سے آگے بڑھ کر مغربی کنارے کے وسط تک پھیلی وسیع فلسطینی سرزمین پر اپنی حاکمیت قائم کرے گی۔ صیہونی اخبار نے خبرنگاروں کے ساتھ بنجمن نیتن یاہو کی مختلف گفتگوؤں سے نتیجہ نکالتے ہوئے لکھا کہ بنجمن نیتن یاہو کے الفاظ میں فلسطینی سرزمین کی "گہرائی" کا مطلب مغربی کنارے کی سرزمین کا 10 فیصد علاقہ ہے نہ کہ 30 فیصد۔

اسرائیلی اخبار نے لکھا کہ اسرائیلی حکومت مزید فلسطینی سرزمین کو اسرائیل میں ضم کرنے کے دوسرے مرحلے سے قبل فلسطینی حکومت سے مطالبہ کرے گی کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات شروع کر دے اور اگر فلسطینی حکومت نے مخالفت کی تو اسرائیلی حکومت "الحاقی منصوبے" کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد شروع کر دے گی۔ صیہونی اخبار کے مطابق "الحاقی منصوبے" کا دوسرا قدم وزیراعظم کے دفتر میں تاحال زیرغور ہے کیونکہ وہ اس حوالے سے امریکی رائے کا منتظر ہے۔ اسرائیل ہیوم نے لکھا کہ اسرائیل پہلے ہی مرحلے میں "درّہ اردن" تک اپنی حاکمیت کو نہیں بڑھائے گا تاکہ "الحاقی منصوبے" کے حوالے سے اردن کا ردعمل کم ہو جائے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں اردن کے بادشاہ عبداللہ دوّم نے اسرائیل کی جانب سے مزید فلسطینی اراضی کو اپنے ساتھ ملحق کئے جانے پر اُسے "بڑے تصادم" سے خبردار کیا تھا اور اس حوالے سے بنجمن نیتن یاہو کی ٹیلیفون کال کا جواب بھی نہیں دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 869237
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش