0
Wednesday 17 Jun 2020 23:47
فلسطین کاز پر عربوں کی پیروی کرنے کے پابند نہیں

عرب ممالک کے دباؤ میں اسرائیل کو تسلیم نہیں کرینگے، جماعت اسلامی

عرب ممالک کے دباؤ میں اسرائیل کو تسلیم نہیں کرینگے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں فلسطین کے شہیدوں اور غازیوں کے ساتھ غداری اور امت مسلمہ کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں، فلسطین کاز پر عربوں کی پیروی کرنے کے پابند نہیں، حکومت اسرائیل کو تسلیم کرنے کی خبروں پر وضاحت پیش کرے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا یہ بیان کہ ”بھارت کا سلامتی کونسل کا مستقل رکن بن جانا قیامت نہیں ہے“ بچکانہ عمل ہے، بھارت سلامتی کونسل کا رکن بن گیا تو کشمیر کے ساتھ گلگت بلتستان اور پاکستانی پنجاب بھی ہڑپ کرنے کی کوشش کرے گا، اپنے خلاف سلامتی کونسل کی ہر قرارداد کو ویٹو کرنے کی طاقت حاصل کرنے کے بعد بھارتی حکمرانوں کا رویہ پاکستان کے ساتھ بد سے بدتر ہوتا جائے گا۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کے حکمران خاص طور پر پی ٹی آئی سرکار کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکامی سے دوچار ہے، کشمیر میں آخری گولی اور آخری سپاہی تک لڑنے کی بات کرنے والے عمران خان کشمیر میں ہر روز درجنوں نوجوانوں کی شہادت اور لاک ڈاﺅن کو 318 دن گذرنے کے باوجود کیوں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو مکمل طور پر فراموش کرنے والے پاکستانی حکمران اب عرب حکمرانوں کے اشاروں پر شاید فلسطینی مسلمانوں کی قربانیوں کو بھی بیچنے کیلئے تیار ہوچکے ہیں، لیکن فلسطین کا مسئلہ اور قبلہ اول بیت المقدس محض عربوں کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ تمام امت مسلمہ کا مسئلہ اور دلوں کی دھڑکن ہے، جس کو امریکا کے اشاروں پر نہ تو فراموش کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی سودے بازی۔

صوبائی رہنما نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد اسلامی ملک ہے، جس کی بنیاد اسلام اور کلمہ طیبہ کے نام پر رکھی گئی ہے، اس لئے پاکستانی حکمران امریکا کے پٹھو حکمرانوں کے اشاروں پر فلسطینی کاز سے غداری کرنے کی بجائے آگے بڑھ کر اپنے بھائیوں کی مدد اور اسرائیلی مظالم سے نجات کیلئے قائدانہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ مسلم امہ کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہیں، اس لئے سفارتی، اخلاقی اور دینی طور پر ہمیں دنیا کے تمام مسلم ممالک میں بہترین سفارتکاری کے ذریعے اپنے بھائیوں کو بھارتی اور صہیونی مظالم سے نجات دلانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے دنیا کے تمام مظلوم قوموں کیلئے ہمیشہ آواز بلند کی ہے، کشمیر ہو یا فلسطین ہم کسی بھی حکمران کو اسرائیل کے مفادات کی تکمیل اور شہداء کی قربانیوں سے غداری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 869253
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش