QR CodeQR Code

شاہ محمود قریشی کا سرگئی لاؤروف سے ٹیلیفونک رابطہ

18 Jun 2020 13:38

وزیر خارجہ پاکستان نے روسی ہم منصب سرگئی لاؤروف سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو کثیر الجہتی اور مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روس کے ہم منصب سرگئی لاؤروف سے ٹیلی فونک رابطہ کر کےکورونا وبائی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات و دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کورونا کے باعث روس میں جانی نقصان پر روس کے وزیر خارجہ سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیر خارجہ نے وبا سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مربوط اور مشترکہ کاوشیں بروئےکار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو کثیر الجہتی اور مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے ڈیٹ ریلیف کی فراہمی کی تجویز سے متعلق روسی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان کی صورتحال سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان، افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا چلا آ رہا ہے اور کرتا رہے گا، بھارتی قابض افواج کا مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت تشویشناک ہے، کوروناکی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کےشہری دہرے لاک ڈاون کی صعوبت برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج فرضی آپریشنزمیں کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل عام کر رہی ہے، بھارت کا اپنے ہی ملک میں بسنے والی اقلیتوں سے رویہ تضحیک آمیز ہے، بھارتی سرکار کا بھارتی مسلمانوں کو کرونا وبا کا ذمے دار قرار دینا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کے اس منفی رویے کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئےدونوں وزرائے خارجہ نے باہمی روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


خبر کا کوڈ: 869375

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/869375/شاہ-محمود-قریشی-کا-سرگئی-لاو-روف-سے-ٹیلیفونک-رابطہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org