1
Thursday 18 Jun 2020 20:23

ہمارا اسلحہ تیار، انگلی لبلبی پر اور فیصلہ اپنے ہاتھ میں ہے، مناسب وقت پر بھرپور حرکت کا آغاز کر دینگے، خلیل الحیہ

ہمارا اسلحہ تیار، انگلی لبلبی پر اور فیصلہ اپنے ہاتھ میں ہے، مناسب وقت پر بھرپور حرکت کا آغاز کر دینگے، خلیل الحیہ
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی صفا کے مطابق مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنما خلیل الحیہ نے "الحاقی منصوبے و صدی کی ڈیل" کے حوالے سے غزہ میں منعقد ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا اسلحہ تیار، ہماری انگلی لبلبی پر اور فیصلہ اپنے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مناسب وقت پر (مسلحانہ جدوجہد کے لئے اپنی) بھرپور حرکت کا آغاز کر دیں گے چاہے اس کے لئے ہمیں اپنا سر ہی کیوں نہ فدا کرنا پڑے۔ خلیل الحیہ نے اپنے خطاب کے دوران فلسطینی قوم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مزید فلسطینی سرزمین کے اسرائیل کے ساتھ الحاق کئے جانے کے صیہونی فیصلے کے خلاف پورے مغربی کنارے میں وسیع انقلاب برپا کر دیں۔

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنما خلیل الحیہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ (غاصب صیہونی رژیم کے الحاقی منصوبے کے خلاف) پوری فلسطینی قوم ہر قسم کے اسلحے کے ساتھ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے خلاف نیا اتنفاضہ شروع کر دے گی، مغربی کنارے کے رہائشیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو کہتا ہوں کہ ہم آپ کے حامی اور پشت پناہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض قوتوں کے خلاف انقلاب برپا کیجئے اور تمام زنجیروں کو توڑ ڈالئے۔ خلیل الحیہ نے فلسطینی قوم کو اپنے دفاع کے لئے کسی دوسرے فریق پر امید نہ لگائے رکھنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ قیام کیجئے اور کسی دوسرے فریق کا انتظار نہ کیجئے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ فلسطینی قوم کے مسلحانہ قیام میں روڑے نہ اٹکائے۔ خلیل الحیہ نے کہا کہ اگر غاصب صیہونی رژیم یہ سوچ رہی ہے کہ ہماری قوم اب کمزور ہو چکی ہے اور اس کے سامنے گھٹنے ٹیک دے گی تو اسے چاہئے کہ وہ اپنے وہم کو دور کر دے کیونکہ اب وقت آن پہنچا ہے کہ امتِ مسلمہ اور عرب ممالک بھی فلسطینی قوم کی مدد کو آ جائیں۔

حماس کے مرکزی رہنما خلیل الحیہ نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ "مغربی کنارے پر قبضہ" ہماری سرزمین پر سے غاصب صیہونی رژیم کے مکمل خاتمے کا آغاز بنے گا، کہا کہ اس وقت فلسطینی قوم ایک نئی سازش کے ساتھ روبرو ہے جس میں اسرائیل مزید فلسطینی سرزمین کو قبضے میں لینا، قدس شریف کو یہودی بنانا اور مغربی کنارے کو اسرائیل کے اندر ضم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے فلسطین کی دوسری مزاحمتی تحریکوں کو متحدہ محاذ پر مل کر جدوجہد کرنے کی دعوت دی اور مزاحمتی تحریک "فتح" کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیے اور موجود ہر قسم کے وسائل استعمال کرتے ہوئے، مل کر قابض رژیم کا مقابلہ کیجئے! واضح رہے کہ غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے اعلان کیا جا چکا ہے کہ آئندہ ماہ جولائی کے آغاز سے ہی مزید 30 فیصد فلسطینی سرزمین کو اسرائیل کے ساتھ ملحق کر دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 869447
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش