1
Thursday 18 Jun 2020 21:04

دشمن کے نمائشی ہتھیاروں سے کوئی ڈر نہیں، پہلے سے زیادہ دلیرانہ انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، ایڈمرل خانزادی

دشمن کے نمائشی ہتھیاروں سے کوئی ڈر نہیں، پہلے سے زیادہ دلیرانہ انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، ایڈمرل خانزادی
اسلام ٹائمز۔ ایرانی نیول فورسز کے کمانڈر ایڈمرل حسین خانزادی نے حضرت امام جعفر الصادق علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے والی "شہدائے دریادل رمضان" نامی بحری مشقوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی پانیوں کے اندر ملکی پرچم کی سربلندی کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے غیرتمند جوانوں کی جانب سے بھرپور اور مسلسل سمندری مشنز جاری ہیں۔ ایرانی نیول فورسز کے کمانڈر نے ملکی مسلح افواج کے ہمراہ بحریہ کے جوانوں کی فوجی مشقوں کو کامیاب قرار دیا اور دور و نزدیک مار کرنے والے دفاعی میزائل سسٹمز کے ٹھیک ٹھیک نشانے پر بیٹھنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندر اس دفاعی ٹیکنالوجی کا کامیاب حصول ولایت پرست ایرانی جوانوں کی ہمت اور ایرانی بحری فورسز و وزارت دفاع کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہوا ہے۔

ایرانی بحری افواج کے کمانڈر ایڈمرل حسین خانزادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا مضبوط دفاع ایرانی نظام و عوام کے خلاف دشمن کے ہر قسم کے تھریٹ کا بھرپور مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی دفاعی تکنیکوں کے باعث آج ملکی مسلح افواج کی خود اعتمادی پہلے سے کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ ایڈمرل حسین خانزادی نے اپنے خطاب میں دشمن کے نمائشی ہتھیاروں کے مقابلے میں ایرانی جوانوں کے اعلی مورال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ایرانی نیول فورسز کے ولایت پرست جوان پہلے سے کہیں زیادہ با حوصلہ اور دلیر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے نمائشی ہتھیاروں کے کسی قسم کے خوف سے عاری بحری فورسز کے جوان مشکل سے مشکل مشن کو بھی کامیابی کے ساتھ سرانجام تک پہنچانے کے لئے اپنی مکمل تیاری کا بارہا اعلان کر چکے ہیں۔ ایڈمرل حسین خانزادی نے کہا کہ آج نیول فورسز کے مخلص جوانوں کے اندر پہلے سے کہیں بڑھ کر احساسِ فخر و جانثاری پایا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 869455
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش