0
Thursday 18 Jun 2020 23:43

پشاور، علماء و مشائخ کونسل کے زیراہتمام مختلف مکاتب فکر کا مشترکہ اجلاس

پشاور، علماء و مشائخ کونسل کے زیراہتمام مختلف مکاتب فکر کا مشترکہ اجلاس
اسلام ٹائمز۔ عالمی متحدہ علماء و مشائخ کونسل نے اسلام اور پاکستان کیخلاف غیر مسلم قوتوں کی جانب سے ہونیوالے سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے مختلف مذہبی مسالک کو آپس میں تمام باہمی اختلافات کو بھلا کر اسرائیل اور امریکی کے سامنے ایک قوت بننے پر زور دیا جبکہ برطانیہ سے چلنے والے دو چیلز کو فوری طور پر بند کرنے کیلئے پشاور اور ملک کے دیگر شہروں سمیت اسلام آباد میں بھی بھرپور احتجاج کرنے کا اعلان کیا۔ اس سلسلے میں کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے جبکہ مدارس کو دی جانے والی فنڈنگ کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ نیب کے ذریعے مدارس کو قابو میں لانے کی کوشش افسوسناک ہے، اس کے ساتھ قادنیوں کو سپورٹ کرنے والے وزراء کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار پشاور میں منعقدہ عالمی متحدہ علماء و مشائخ کونسل خیبر پختونخوا کے زیراہتمام مختلف دینی جماعتوں پر مشتمل اہم اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس سے کونسل کے مرکزی سرسپرست علامہ محمد یونس، مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ جہانزیب جعفری، جے یو آئی کے مولانا حسین احمد مدنی، جماعت اسلامی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا حنیف اللہ، عالمی متحدہ علماء مشائخ کونسل کے صوبائی چیئرمین مولانا محمد شعب، پاکستان بچائو تحریک کے غلام حسین آفریدی، علامہ سید شبیر الحسن، علامہ عابد حسین شاکری، مولانا اقبال شاہ حیدری اور سید اظہر علی شاہ سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ اسرائیل، امریکہ اور برطانیہ نے اسلام اور پاکستان کیخلاف مختلف سازشیں شروع کردی ہیں اور اس ضمن میں وہ ہمیں امداد و دیگر مد میں فنڈنگ کر رہے ہیں لیکن ہمیں سوچنا ہوگا کیونکہ اس کے ذریعے ہمیں کمزور کرنے اور اپنے مقاصد میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح برطانیہ نے ایک دور میں مختلف ممالک پر حکمرانی کی ہے، اسی طرح اب امریکی اور اسکے اتحادی دنیا اور خصوصاً مسلمانوں کو اپنے چنگل میں پھنسانے کیلئے طرح طرح کی وارداتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کبھی عورت کی امامت میں مرد و عورتوں کی مخلوط نماز باجماعت ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر دکھایا جارہا ہے تو کبھی مختلف قسم کے وائرس پھیلائے جارہے ہیں، جو مسلمانوں کو کمزور کرنے کی ایک مذموم سازش ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی اور اسکی اتحادی جماعتوں کی جانب سے اسلام کے نام پر بننے والے پاکستان میں قادیانیوں کی سرپرستی کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں جن وزراء اور اراکین اسمبلی نے قادیانیوں کو سپورٹ کیا ہے انہیں بے نقاب کرنے اور کابینہ سے فوری برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔

مقرررین نے مزید کہا کہ برطانیہ میں شیعہ اور سنی مسلک کے نام پر دو چینلز قائم کئے گئے ہیں، جن کے ذریعے شیعہ اور سنی کیخلاف نفرت پھیلائی جارہی ہے اور اس کے ساتھ پاکستان میں شیعہ، سنی و دیگر مکاتب فکر کے مابین بغاوت پیدا کی جارہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وقت آگیا ہے کہ مختلف مسالک کے علماء اور مسلم قوم آپس میں اخلافات کو بھلا کر غیر مسلم قوتوں کے سامنے ایک ہوکر انکی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ برطانیہ میں قائم امت مسلمہ میں نفرت پھیلانے میں ملوث دو چینلز کو فوری طور پر بند کیا جائے۔ بصورت دیگر مذہبی جماعتیں عالمی متحدہ علماء و مشائخ کونسل کے بینر تلے ملک بھر اور اسلام آباد میں احتجاج کرینگی۔
خبر کا کوڈ : 869472
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش