0
Friday 19 Jun 2020 00:10

ملکی معیشت آئی ایم ایف کے عطائی ڈاکٹروں کیوجہ سے وینٹی لیٹر پر پہنچ چکی ہے، مشتاق خان

ملکی معیشت آئی ایم ایف کے عطائی ڈاکٹروں کیوجہ سے وینٹی لیٹر پر پہنچ چکی ہے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت آئی ایم ایف کے عطائی ڈاکٹروں کی وجہ سے وینٹی لیٹر پر پہنچ چکی ہے۔ ایف بی آر فراڈ بیورو آف ریونیو بن چکا ہے، موجودہ بجٹ پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز کا جواب نہیں دیتا، یہ بجٹ نہ کاروبار دوست بجٹ ہے اور نہ ہی عوام دوست، بلکہ یہ آئی ایم ایف مارکہ اور عوام دشمن بجٹ ہے۔ بجٹ 2020-21 پاکستان کی تاریخ کا مایوس کن بجٹ ہے۔ پچاس لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں، مرغیاں، کٹے اور انڈے بجٹ میں شامل نہیں۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کو ایک میثاق معیشت کی ضرورت ہے، اس وقت جی ڈی پی کی کم ترقی، مالی خسارہ، قومی قرضے، افراط زر اور بے روزگاری، گردشی قرضے، بلڈنگ ایس او ایز، کورونا اور ٹڈی دل پاکستانی معیشت کے لئے بڑے چیلنجز ہیں جن سے نمٹنے کے لئے بجٹ میں کچھ بھی نظر نہیں آیا۔ 1952 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا جی ڈی پی گروتھ منفی زیر اعشاریہ چار پر چلا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی 11 فیصد ہو گئی ہے لیکن حکومت نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا۔ حکومت گریڈ 16 تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد تک اضافہ کرے اور مزدوروں کی کم از کم تنخواہ آدھ تولہ سونا کی قیمت کے برابر کرے۔ سودی معیشت کے ذریعے مدینہ کی ریاست نہیں بنے گی۔ ریاست مدینہ بنانے کے لئے سودی معیشت کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ این ایف سی میں خیبر پختونخوا کے 154 ارب روپے کی کٹوتی کو تسلیم نہیں کرتے، حکومت پی ایس ڈی پی اور این ایف سی میں خیبر پختونخوا کو اس کا پورا حصہ دے۔ حکومت نے کورونا سے فائدہ اٹھایا ہے۔ آئی ایم ایف، ایشیائی ترقیاتی بینک، ورلڈ بینک سمیت دیگر اداروں نے حکومت کو کورونا کے مقابلے کے لئے پیسے دئیے لیکن وہ عوام پر خرچ نہیں ہوئے۔ جماعت اسلامی اس عوام دشمن بجٹ کو مسترد کرتی ہے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت نے قرضوں کا پہاڑ کھڑا کردیا ہے۔ قرضوں کا حجم جی ڈی پی سے 60 فیصد زیادہ ہوگیا ہے جس کے لئے پارلیمنٹ سے منظوری نہیں لی گئی۔ یہ آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور ہماری خودمختاری کے لئے خطرہ بنتا جارہا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 869481
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش