0
Friday 19 Jun 2020 00:21

ٹرمپ دوبارہ منتخب ہونے کیلئے چینی صدر کی منت سماجت کرتے رہے، جوہن بولٹن

ٹرمپ دوبارہ منتخب ہونے کیلئے چینی صدر کی منت سماجت کرتے رہے، جوہن بولٹن
اسلام ٹائمز۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق مشیر برائے قومی سلامتی جوہن بولٹن نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے آئندہ صدارتی انتخابات میں دوبارہ کام یابی کے لیے چینی صدر کی منت سماجت کی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جوہن بولٹن نے اپنی نئی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ صدر ٹرمپ قومی سلامتی کے فیصلے کرتے ہوئے اپنے سیاسی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹرمپ اپنے اختیارات اور عہدے کو سیاست کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ قومی سلامتی کے سابق مشیر جوہن بولٹن کے مطابق 2019 میں جاپان کے شہر اوساکا میں ہونے والی جی 20 ممالک کے اجلاس میں چینی صدرشی جن پنگ سے ملاقات کے دوران 2020 میں دوبارہ منتخب ہونے کے لیے تعاون کی التجائیں کرتے رہے۔ ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے گفتگو کا رُخ امریکا کے آئندہ انتخاب کی طرف موڑ دیا اور امریکی کسانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے امریکا سے زیادہ زیادہ سویابین خریدنے کی درخواست کرنے لگے۔

صدر ٹرمپ کے خیال میں اگر چین امریکا سے سویابین کی درآمد بڑھاتا ہے تو اس سے براہ راست امریکی کسانوں کو فائدہ ہوگا اور ان کے انتخابی نتائج پر بھی اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ بولٹن نے کتاب میں لکھا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کی گفتگو لفظ بہ لفظ نقل کرنا چاہتے تھے لیکن حکومت کی جانب سے قبل از اشاعت نظرثانی میں اس کی اجازت نہیں دی گئی۔ ٹرمپ نے چینی صدر کو اس بات پر بھی قائل کرنے کی کوشش کی کہ ان کی مخالف ڈیموکریٹ پارٹی چین سے متعلق مخالفانہ نکتۂ نظر رکھتی ہے۔ کتاب میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے یوکرین کی فوجی مدد کو اپنے ڈیموکریٹک سیاسی حریف اور سابق امریکی نائب صدر جو بائڈن کے خلاف تحقیقات میں مدد کرنے سے مشروط کیا۔ واضح رہے کہ جوبائڈن پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے روس کے خلاف یوکرین کی مدد کرنے کے عوض یوکرینی گیس کمپنی میں اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے لیے اعلیٰ عہدہ حاصل کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 869483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش