QR CodeQR Code

چینی غائب ہونے کی وجہ میں یوٹیلیٹی انتظامیہ کی بد انتظامی اور سُستی کا انکشاف

19 Jun 2020 00:35

منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) یوٹیلیٹی اسٹورز عمر لودھی کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی شوگر ملز سے باقی چینی 2 دن کے اندر اٹھانا شروع کریں گے، مزید چینی کی خریداری فی الحال بند ہے، عدالتی آرڈر کے بعد چینی جہاں سے سستی ملے گی خریدیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں مختلف یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا اور چینی دستیاب نہیں ، چینی غائب ہونے کی وجہ میں یوٹیلیٹی انتظامیہ کی بد انتظامی اور سُستی کا انکشاف ہوا ہے۔ یوٹیلیٹی انتظامیہ کی جانب سے ڈھائی ماہ قبل جہانگیر ترین سے 20 ہزار میٹرک ٹن چینی 67 روپے فی کلو خریدی گئی تھی، جس میں سے صرف 6 ہزار میٹرک ٹن چینی یوٹیلٹی اسٹورز تک پہنچی جب کہ بقیہ چینی ابھی تک نہیں اٹھائی جاسکی۔ منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) یوٹیلیٹی اسٹورز عمر لودھی کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی شوگر ملز سے باقی چینی 2 دن کے اندر اٹھانا شروع کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ مزید چینی کی خریداری فی الحال بند ہے، عدالتی آرڈر کے بعد چینی جہاں سے سستی ملے گی خریدیں گے، پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) رولزپر عمل درآمد کرتے ہوئے 25 جون تک چینی خریدنا مشکل ہے، رولز سے استثنٰی کے لیے متعلقہ وزرات اور پیپرا کو الگ الگ خط لکھ دیے ہیں۔ دوسری جانب آٹے کی عدم دستیابی کے حوالے سے ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کا کہنا ہے کہ آٹا ملیں یوٹیلیٹی اسٹورز کو سستا آٹا دینے پر تیار نہیں ہیں اور سپلائی میں فرق کے باعث آٹے کی قلت آئی ہے۔ ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کا کہنا ہے کہ پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) سے گندم لے کر آٹاملوں کو دیں گے اور دو سے تین روز میں آٹے کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

 


خبر کا کوڈ: 869486

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/869486/چینی-غائب-ہونے-کی-وجہ-میں-یوٹیلیٹی-انتظامیہ-بد-انتظامی-اور-س-ستی-کا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org