QR CodeQR Code

طیارہ حادثہ کیس، ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ نے جہاز کے ملبے پر تحقیقات کا آغاز کردیا

19 Jun 2020 15:00

کراچی ایئرپورٹ پر شاہین ہینگر کے سامنے پی آئی اے کے طیارے کے تباہ شدہ ملبے کو جہاز کے اصل ڈیزائن کے مطابق ڈائیگرام کی شکل دی جا رہی ہے، تباہ شدہ طیارے کے ملبے کو حتی الامکان ایئر بس 320 کی شکل کے مطابق ڈائیگرام کی شکل دی جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ نے (اے اے آئی بی) نے پی آئی اے کے بدقسمت طیارے کے ملبے پر مختلف زاویوں سے تحقیقات شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ 22 مئی کو ماڈل کالونی جناح گارڈن کی رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہونیوالے ایئربس 320 ساختہ طیارے کے ملبے پر پاکستانی تحقیقات ادارے ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ (اے اے آئی بی) نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دی۔ جہاز کا مکمل ملبہ گذشتہ ہفتے جائے حادثہ سے ایئرپورٹ کے قریب منتقل کیا جا چکا ہے۔ اے اے آئی بی طیارے کے ڈائیگرام کے ذریعے باریک بینی سے تیکنیکی طور پر تحقیق کر رہی ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پر شاہین ہینگر کے سامنے پی آئی اے کے طیارے کے تباہ شدہ ملبے کو جہاز کے اصل ڈیزائن کے مطابق ڈائیگرام کی شکل دی جا رہی ہے، تباہ شدہ طیارے کے ملبے کو حتی الامکان ایئربس 320 کی شکل کے مطابق ڈائیگرام کی شکل دی جائے گی۔ تحقیقاتی ادارے کی جانب سے طیارے کے تباہ شدہ انجن اور پروں کی خصوصی جانچ کی جا رہی ہے، بدقسمت طیارے کے انجنوں کو رن وے پر لینڈنگ کی پہلی کوشش کے دوران رگڑ لگی تھی، جس کی وجہ سے انجن میں چنگاریاں بھی نکلی تھیں، اور بعد ازاں کپتان کی ٹاور سے ہونے والی گفتگو میں جہاز کے انجن بند ہونے کا کہا گیا تھا۔

فرانس میں بلیک باکس کے ڈی کوڈ ہونے اور ڈائیگرام کی ترتیب کے بعد تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ رواں ماہ کے آخر میں منظر عام پر آنے کے امکانات ہیں۔ دریں اثنا سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے طیارہ حادثے کے مقام پر خصوصی اسپرے مہم شروع کر دی۔ کراچی ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ماڈل کالونی، جناح گارڈن پر پی آئی اے کے جائے حادثہ کے مقام کی رہائشی آبادی کی گلیوں میں جمعرات کی صبح سے اسپرے مہم کا آغاز کر دیا گیا، جو کئی روز تک جاری رہے گی، سی اے اے انتظامیہ کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیموں نے طیارہ حادثے کی جگہ اور متاثرہ گھروں اور اطراف میں اسپرے کیا، جبکہ حادثے کے مقام کو سینیٹائز کرنے کے اقدامات بھی کیے گئے۔


خبر کا کوڈ: 869578

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/869578/طیارہ-حادثہ-کیس-ایئرکرافٹ-ایکسیڈنٹ-اینڈ-انویسٹی-گیشن-بورڈ-نے-جہاز-کے-ملبے-پر-تحقیقات-کا-ا-غاز-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org