1
Friday 19 Jun 2020 17:55

اگر فلسطینی مغربی کنارے پر قبضہ کیا گیا تو اردن "وادیٔ عربہ معاہدہ" ترک کر دیگا، عبداللہ دوّم کا انتباہ

اگر فلسطینی مغربی کنارے پر قبضہ کیا گیا تو اردن "وادیٔ عربہ معاہدہ" ترک کر دیگا، عبداللہ دوّم کا انتباہ
اسلام ٹائمز۔ عرب نیوز چینل المسیرہ کے مطابق اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے اردن کے بادشاہ عبداللہ دوّم کی جانب سے ایک اہم پیغام فلسطینی صدر محمود عباس تک پہنچایا ہے جس میں عمان-رام اللہ تعلقات کی تزویراتی اہمیت پر تاکید کی گئی ہے۔ اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا ہے کہ اردن کے بادشاہ عبداللہ دوّم نے امریکیوں و صیہونیوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر مغربی کنارے پر قبضہ کیا گیا تو اردن بھی اسرائیل کے ساتھ موجود "وادیٔ عربہ" کے امن معاہدے پر عملدرآمد ترک کر دے گا۔ ذرائع کے مطابق ایمن الصفدی نے کہا ہے کہ میری خواہش تھی کہ سامح شکری (مصری وزیر خارجہ) بھی میری طرح رام اللہ کا دورہ کرتے کیونکہ ایسی ملاقاتوں سے (دشمن کو) ایک مضبوط پیغام پہنچتا ہے۔ اردنی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس سلسلے میں اردن مصر کے ساتھ اپنے مسلسل رابطے جاری رکھے یہانتک کہ "الحاقی منصوبے" کو قبول نہ کرنے کے بارے میں ان کی رائے میں بھی استحکام پیدا ہو جائے۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینی حکومت اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی کے ساتھ ساتھ مصری وزیر خارجہ سامح شکری کی بھی منتظر تھی لیکن آخری لمحات میں مصری وزیر خارجہ کا دورہ منسوخ ہو گیا جبکہ اس حوالے سے رام اللہ اور عمان نے اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ کیونکہ صیہونی "الحاقی منصوبے" کی مخالفت میں مصر کی جانب سے انتہائی کمزور موقف کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ دوسری طرف رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس و اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے مقابلے میں ایک بھرپور موقف اختیار کیا جائے۔ اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے گزشتہ روز اپنے غیر اعلانیہ دورے پر رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات کی تھی جبکہ قرائن سے معلوم ہوتا ہے کہ مصری وزیر خارجہ سامح شکری بھی اسی موقع پر رام اللہ کا دورہ کرنا چاہتے تھے کہ نامعلوم وجوہات کی بناء پر آخری مراحل میں ان کا دورہ منسوخ ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ اردن و اسرائیل کے درمیان سال 1994ء میں "وادی عربہ" نامی امن معاہدہ طے پایا تھا جس میں دشمنی کے خاتمے اور دونوں طرف سے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی پابندی کا حلف اٹھایا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 869611
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش