0
Friday 19 Jun 2020 18:21

اشرف جلالی کو فوری گرفتار کیا جائے، کل مسالک علماء بورڈ کا مظاہرہ

اشرف جلالی کو فوری گرفتار کیا جائے، کل مسالک علماء بورڈ کا مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ کُل مسالک علماء بورڈ اور شیعہ علماء کونسل لاہور ڈویژن کے زیراہتمام ماڈل ٹاون لاہور میں مولوی اشرف جلالی کی فوری گرفتاری کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت کُل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم اور شیعہ علماء کونسل کی جانب سے مولانا حافظ کاظم رضا نقوی نے کی۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علماء، مشائخ اور عمائدین بھی موجود تھے۔ جے یو پی کے رہنما مفتی عاشق حسین، شیعہ علماء کونسل لاہور کے ڈویژنل صدر قاسم علی قاسمی، مولانا باقر گھلو سمیت دیگر علمائے کرام نے بھی مظاہرے میں شرکت کی۔ مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہ حرمت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ واریت کو ایک بار پھر ہوا دی جا رہی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے خاموش ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا کو فرقہ واریت کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ ملک میں امن کے قیام کیلئے ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں، ملک مزید فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ مولانا حافظ کاظم رضا نقوی کا کہنا تھا کہ اشرف جلالی کیخلاف تھانہ سمن آباد میں مقدمہ درج ہو چکا ہے، ہمارا تمام شیعہ سنی رہنماوں کا مطالبہ ہے کہ اشرف جلالی کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و عصمت کائنات کی تمام خواتین سے زیادہ ہے، اس لئے ہم ان کی شان میں گستاخی کسی طور بھی برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ واریت اور دہشت گردی کا جن ایک بار پھر بوتل سے نکالا جا رہا ہے، اس حوالے سے ہم قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو پیشگی آگاہ کرتے ہیں کہ اس کا بروقت سدباب کرلیں، بصورت دیگر صورتحال قابو سے باہر ہونے کا خدشہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 869614
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش