0
Friday 19 Jun 2020 21:28

وزیراعظم نے رینجرز پر حملوں کے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی

وزیراعظم نے رینجرز پر حملوں کے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے سندھ رینجرز پر ہونے والے تینوں واقعات کی متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی، معاشی اور کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ حکومتی اتحادی جماعتوں کے تحفظات سے متعلق مشاورت ہوئی جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسی کیس کے فیصلے پر بھی بات ہوئی۔ اجلاس میں معاشی ٹیم کور کمیٹی کو احساس پروگرام، ٹائیگر فورس اور دیگر اقدامات میں پیش رفت، کورونا کی صورتحال اور اس سے نمٹنے کے حوالے سے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اقدامات اور بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ شرکا کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے موٴثر انسداد کے لیے بروقت اور جامع اقدامات اٹھائے ہیں، انسداد کورونا کی حکومتی کاوشوں کو عالمی سطح پر پذیرائی میسر آ رہی ہے۔
 
اجلاس میں حفاظتی تدابیر کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے پارٹی قیادت کو متحرک کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اراکین پارلیمان اپنے اپنے حلقوں میں عوام کو ایس او پیز کا خیال رکھنے اور حفاظتی تدابیر اپنانے کی ترغیب دیں، احساس ذمہ داری اور سماجی سطح پر سنجیدہ طرز عمل کے ذریعے وبا سے نجات ممکن ہے۔ وزیر اعظم نے وزراء اور عوامی نمائندوں کو کورونا ریلیف امور کی نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزراء اور نمائندے اسپتالوں اور دیگر طبی مراکز کا خود جا کر معائنہ کریں، عوام کو ایس اوپیز پر عمل درآمد کی زیادہ تاکید کی جائے اور ٹائیگر فورس کے ساتھ مل کر ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جائے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کور کمیٹی نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو اتحادیوں کو منانے کا ٹاسک سونپ دیا اور کہا کہ بی این پی سمیت تمام اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے، کور کمیٹی کی ہدایت پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی بی این پی سے ملاقات کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی کراچی، گھوٹکی اور لاڑکانہ میں تین مختلف واقعات میں احساس کیش ڈسٹری بیوشن پوائنٹ اور رینجرز اہل کاروں پر حملے کی شدید مذمت کی اور حملوں میں شہید ہونے والے رینجرز اہل کاروں اور شہریوں کی بخشش کی دعا کی، وزیراعظم نے متعلقہ اداروں سے تینوں واقعات کی رپورٹ طلب کرلی۔
خبر کا کوڈ : 869641
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش