0
Saturday 20 Jun 2020 22:04

کرپشن کے ”ٹڈی دل“ پاکستان کی بنیادوں کو کھا چکے ہیں، عثمان بزدار

کرپشن کے ”ٹڈی دل“ پاکستان کی بنیادوں کو کھا چکے ہیں، عثمان بزدار
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپشن کے ”ٹڈی دل“ پاکستان کی بنیادوں کو کھا چکے ہیں، سابق ادوار میں یہ ”ٹڈی دل“ پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرتے رہے، ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں آج بچے بچے کی زبان پر ہیں، ماضی کی حکومتوں کی کرپشن کے باعث عوام بنیادی سہولتوں سے محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے لے جانا کا واحد راستہ ہر سطح سے کرپشن کا خاتمہ ہے، وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے بتوں کو پاش پاش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ہماری حکومت کا سرفہرست ایجنڈا ہے اور کرپٹ عناصر کے بے لاگ احتساب سے ہی پاکستان اپنی اصل منزل حاصل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ سے سب سے شفاف حکومت ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا کے قومی مسئلے کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کی، اپوزیشن رہنماؤں نے کورونا سے پیدا ہونیوالے غیر معمولی حالات میں بھی عوام کو تنہا چھوڑے رکھا، حزب اختلاف کی جماعتوں کا یہ منفی رویہ نہ صرف قابل افسوس بلکہ قابل مذمت بھی ہے، کورونا پر قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش سے اپوزیشن کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو گئی ہے، اپوزیشن رہنماؤں کو جوش کی بجائے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کرپشن کے نئے ریکارڈ بنانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے، اپنے دور میں بد عنوانیوں کے ذریعے ملک کو کنگال کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مشکل حالات میں عنان حکومت سنبھال کر ملک کو صحیح راستے پر گامزن کیا اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت عوام کو لوٹنے والے ہر مافیا کیخلاف نبرد آزما ہے۔
خبر کا کوڈ : 869683
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش