0
Saturday 20 Jun 2020 10:47

مغربی کلچر کی یلغار سے ہماری اقدار اور نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کو شدید چیلنجز درپیش ہیں، عمران خان

مغربی کلچر کی یلغار سے ہماری اقدار اور نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کو شدید چیلنجز درپیش ہیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے ملک کے نامور لکھاریوں کی ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کی ہے، جس میں وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز اور معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے قومی تہذیب و تمدن اور پاکستانیت کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماڈرن ذرائع ابلاغ، انٹرنیٹ پر ہر قسم کے مواد خصوصاً قابل اعتراض کی آسان دستیابی اور مغربی طور طریقوں اور بیرونی کلچر کی یلغار سے ہماری اقدار اور نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کو شدید چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی شعار اور قومی اقدار سے متضاد کلچر کی بھرمار سے جہاں ہماری تاریخ، ثقافت، معاشرتی اقدار کو شدید خطرات لاحق ہیں، وہاں نئی نسل میں اسلامی شخصیات، آباؤ اجداد اور قومی تاریخ کے بارے میں معلومات بھی برائے نام اور محدود ہوتی جا رہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نئی نسل کو قومی تشخص سے روشناس کرانے، معاشرتی اقدار اور پاکستانیت کے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ اس حوالے سے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نامور لکھاری جن کی تحریریں معاشرے کے ہر طبقے میں یکساں طور پر مقبول ہیں، اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی تہذیب و تمدن اور پاکستانیت کے فروغ کے حوالے سے کوششوں کی حکومتی سطح پر بھرپور پذیرائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ٹیلی ویژن کی اصلاح پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، تاکہ پی ٹی وی قومی تشخص اجاگر کرنے میں اپنا کردار ماضی کی طرح ادا کرسکے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ نجی چینلز بھی اس ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 869705
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش