QR CodeQR Code

کرونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود سعودی عرب میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان

21 Jun 2020 00:20

28 مئی سے لاک ڈاؤن میں کی جانے والی نرمی کے بعد سے سعودی عرب میں وائرس کے کیسز میں اضافہ  ہوا ہے اور کورونا کے متاثرین کی تعداد 1 لاکھ 54 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ میں کمی آنے کے آثار نہ ہونے کے باوجود اتوار سے تمام کاروباری سرگرمیوں پر عائد پابندیاں ختم کرنے کااعلان کردیا گیا ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق تین ماہ لاک ڈاؤن کے بعد اتوار کی صبح ملک گیر سطح پر نافذ کرفیو اور کاروباری سرگرمیوں پر عائد پابندیاں ختم کردی جائیں گی۔ اتوار کی صبح 6 بجے کرفیو ختم ہوگا تاہم عمرے، بین الاقوامی سفر اور پچاس سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی برقرار رہے گی۔ حکومت نے کورونا وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے مارچ کے مہینے میں سخت اقدامات کیے تھے جن کے تحت کئی علاقوں اور شہروں میں کرفیو کا نفاذ بھی شامل تھا۔ مئی میں سعودی حکومت نے سفر اور نقل و حمل پر عائد پابندیوں کے تین مراحل میں خاتمے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ 28 مئی سے لاک ڈاؤن میں کی جانے والی نرمی کے بعد سے سعودی عرب میں وائرس کے کیسز میں اضافہ  ہوا ہے اور کورونا کے متاثرین کی تعداد 1 لاکھ 54 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 12سو 30 اموات ہوچکی ہیں۔ خلیج تعاون کونسل میں شامل ممالک میں سعودی عرب سے سے زیادہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا ملک ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے یہ خبر شائع کی تھی کہ سعودی حکومت حج کو محدود کرنے پر غور کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 869863

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/869863/کرونا-کے-بڑھتے-کیسز-باوجود-سعودی-عرب-میں-لاک-ڈاو-ن-ختم-کرنے-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org