QR CodeQR Code

الطاف حسین کو لوگوں کا خون چاہیے، مصطفیٰ کمال

21 Jun 2020 18:22

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو بانی ایم کیو ایم الطاف حسین نے قاتل اور ’را‘ کا ایجنٹ بنایا، انہوں نے اپنے آقاؤں کے کہنے پر سندھو دیش کے ساتھ گٹھ جوڑ کر لیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ ہمارے آنے کے بعد شہداء قبرستان میں تالے پڑ گئے، بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو لوگوں کا خون چاہیے، بھارت اسے پیسے دیتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میرے سامنے بانی متحدہ الطاف حسین نے کہا کہ بھارت اسے پیسے دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے ساتھ رہنے کا دنیاوی فائدہ تھا، ہم نے اللّٰہ تعالیٰ کے خوف سے بانی ایم کیو ایم سے دوری اختیار کی۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہمارے قول و فعل میں اب تک کوئی تضاد نہیں، ہمیں مہاجروں کا غدار کہا گیا، اب ایک بھی لاش نہیں آ رہی، ایسی غداری قبول ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نوجوانوں کو بانی ایم کیو ایم الطاف حسین نے قاتل اور ’را‘ کا ایجنٹ بنایا، انہوں نے اپنے آقاؤں کے کہنے پر سندھو دیش کے ساتھ گٹھ جوڑ کر لیا۔ پی ایس پی سربراہ کا مزید کہنا ہے کہ 4 دنوں میں رینجرز پر 4 حملے ہوئے، جن میں رینجرز اہلکار اور شہری شہید اور زخمی ہوئے، ایم کیو ایم پاکستان کا بھی وہی پرچم ہے اور ایم کیو ایم لندن کا بھی وہی پرچم ہے۔ مصطفیٰ کمال کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی متعصب حکومت اندرونِ سندھ سے بھی مخلص نہیں، یہاں حالات ایسے نہیں تھے، انہوں نے کراچی کو بھی لاڑکانہ بنا دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 869976

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/869976/الطاف-حسین-کو-لوگوں-کا-خون-چاہیے-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org