QR CodeQR Code

تم نے گریہ کیا مجلس تمام ہوئی، ممتاز عالم دین علامہ طالب جوہری انتقال کرگئے

22 Jun 2020 02:49

وزیراعظم عمران خان نے معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے علامہ طالب جوہری کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے انکے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ معروف بزرگ عالم دین اور ذاکر اہل بیت (ع) علامہ طالب جوہری انتقال کرگئے، وہ کئی روز سے کراچی کے نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج تھے۔ اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علامہ طالب جوہری کئی روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ علامہ طالب جوہری کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر امروہہ گراؤنڈ انچولی میں ادا کی جائے گی۔ علامہ طالب جوہری کے انتقال پر سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایک عظیم عالم دین سے محروم ہوگئے۔ علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ طالب جوہری ایک عہد تھا جو مکمل ہوا، وہ حافظ قرآن، مفسرِ قرآن، مصنف اور شاعر تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے علامہ طالب جوہری کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، آفتاب صدیقی اور کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی اور کہا کہ علامہ طالب جوہری جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رحمان ملک نے بھی ملک کے ممتاز عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔

علامہ طالب جوہری 27 اگست 1939ء کو پیدا ہوئے، ان کے والد مشہور عالم دین علامہ مصطفیٰ خاں جوہر تھے۔ علامہ طالب جوہری کو کئی برسوں سے پاکستانی علماء میں مرکزی حیثیت حاصل تھی۔ کراچی کے نشتر پارک میں شام غریباں کی مجلس سے ان کی شہرت پاکستان اور دنیا بھر میں پھیل گئی، اس مجلس کے سامعین میں مسلمانوں کے تمام طبقہ ہائے فکر شامل تھے۔ علامہ طالب جوہری فن تقریر میں صاحب اسلوب تھے۔ ایک دل نشیں مقرر ہونے کے علاوہ بھی علامہ طالب جوہری کی کئی جہتیں تھیں۔ انہوں نے کئی کتابیں لکھیں، قرآن کی تفسیر لکھی اور شاعری بھی کی، ان کی شاعری کے تین مجموعے شائع ہوچکے ہیں۔

علامہ طالب جوہری نے دہائیوں تک کراچی کی مرکزی مجالس عزا نشتر پارک سے خطاب کیا، اس کے علاوہ آپ نے پوری دنیا میں ذکر محمد و آل محمد (ع) کرنے کا شرف بھی حاصل کیا۔ علامہ طالب جوہری کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے، آپ نے تفسیر قرآن بنام احسن الحدیث لکھی۔ اس کے علاوہ دیگر کتابوں میں حدیث کربلا، ذکر معصوم، نظام حیاتِ انسانی، خلفائے اثناء عشر، علامات ظہور مہدی شامل ہیں۔ علامہ طالب جوہری ایک ادیب اور شاعر بھی تھے، آپ نے مختلف موضوعات پر مرثیے، نظمیں اور رباعیات کہی ہیں۔ علامہ طالب جوہری کو ان کی علمی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔


خبر کا کوڈ: 870021

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/870021/تم-نے-گریہ-کیا-مجلس-تمام-ہوئی-ممتاز-عالم-دین-علامہ-طالب-جوہری-انتقال-کرگئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org