0
Monday 22 Jun 2020 18:26

علامہ طالب جوہری کا انتقال کسی سانحہ سے کم نہیں، عارف حسین الجانی

علامہ طالب جوہری کا انتقال کسی سانحہ سے کم نہیں، عارف حسین الجانی
اسلام ٹائمز۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے جید عالم دین اور محق علامہ طالب جوہری کے سانحہ ارتحال پہ گہرے دُکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ معروف خطیب، مصنف، محقق، فلسفی، عالم دین اور شاعر کے دارفانی سے دارِبقاء انتقال پر مُلک عزیز پاکستان کا ہر شہری اور ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد رنجیدہ اور دل گرفتہ ہیں اور اُن کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ علامہ طالب جوہری کا انتقال کسی سانحہ سے کم نہیں۔ علامہ مرحوم کی منبر سے دین ِمبین کی تبلیغ و ترویج اور اتحاد بین المسلمین کیلئے عملی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حدیث رسول ۖکے مطابق ایک عالمِ کی موت پورے عالَم کی موت ہے، بلاشبہ سرمایہ ملت جعفریہ علامہ طالب جوہری کے انتقال سے ملت تشیع سمیت مُلک عزیز پاکستان کا عظیم نقصان ہوا ہے، جس کا خلا سالوں میں پُر نہیں ہوگا، اس عظیم سانحہ پہ ہم مرحوم علامہ طالب جوہری کے ورثاء سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور باری تعالیٰ کی بارگاہ میں درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہیں۔ یاد رہے ایک طویل عرصے تک پاکستان ٹیلی ویژن پر شام غریباں کی مجلس پڑھنے والے معروف شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری اتوار کی رات انتقال کر گئے تھے، پاکستان میں ان کی خدمات پر ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ علامہ طالب جوہری تفسیر قرآن (احسن الحدیث) کے علاوہ حدیثِ کربلا، عقلیات معاصر اور علامات ظہور مہدی جیسی کئی دیگر کتابوں کے مصنف بھی تھے۔
خبر کا کوڈ : 870037
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش