0
Monday 22 Jun 2020 11:42

مولانا فضل الرحمن کی سردار اختر مینگل سے دوسرے روز بھی ملاقات

مولانا فضل الرحمن کی سردار اختر مینگل سے دوسرے روز بھی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اخترمینگل نے ملاقات کی، ملاقات میں اپوزیشن کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سردار اختر مینگل کے فیصلے نے امید کی ایک کرن پیدا کی ہے۔ ان کا یہ فیصلہ دیگر اتحادی جماعتوں کیلئے مشعل راہ بھی ہے اور قابل تقلید بھی۔ سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے مطالبات غیرآئینی ہیں تو حکومت واضح کر دے مطالبات جائز نہیں تاکہ ہم کسی اور کا دروازہ کھٹکھٹائیں۔ 

انہوں نے کہا کہ جب ایک طرف فاصلے بڑھتے ہیں تو دوسری طرف قربتیں بھی بڑھتی ہیں۔ مولانا صاحب کے پاس حاضر ہوا تھا۔ ہم نے بلوچستان سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ استفسار پر انھوں نے کہا کہ ساری باتیں سامنے وقت پر لائی جائیں تو مناسب ہوتا ہے کچھ پتے ہم نے بھی سنبھال کر رکھے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت کی دیگر جماعتوں کو بھی اب بے باک انداز میں کلمہ حق کہنا چاہیے۔ ضمیر کیخلاف کسی کی پیروکاری کرنا باوقار پاکستانی کے شایان شان نہیں ہے۔  انھوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سردار اختر مینگل حکومت کی دیگر اتحادی جماعتوں کو بھی اس بات پر قائل کرینگے کہ یہ وقت حکومت کا ساتھ دینے کا نہیں کیونکہ اس وقت ملک تیزی سے ڈوب رہا ہے۔  معاشی لحاظ سے جب آپ کا بجٹ منفی میں چلا جائے۔ تو اس حکومت کی مقبولیت بھی منفی میں چلی جاتی ہے۔ جعلی وزیراعظم کو اس بات کا اندازہ ہی نہیں ہے کہ اس کی اپنی مقبولیت کا گراف بھی منفی ہو چکا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ کارکردگی اور گورننس کی بنیاد پر موجودہ حکمرانوں کی مقبولیت زمین بوس ہو چکی ہے۔ ان اب مزید مسلط رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انھیں اپنی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے۔ فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے، سردار اختر مینگل نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات غیر آئینی ہیں تو ریاست و ریاستی ادارے اور حکومت ہمیں دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دے کہ ہمارے مطالبات جائز نہیں ہیں۔ تاکہ ہم کسی اور کا دروازہ کھٹکھٹائیں یا پیرومرشد کی درگاہ پر جائیں۔ لیکن اتنا ضرور ہے جس دن ہم اپوزیشن میں آ گئے۔ تو اپوزیشن کو صحیح معنوں میں صحیح کر کے چلائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 870072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش