QR CodeQR Code

علامہ طالب جوہری کا شمار برصغیر کے ذہین علماء میں ہوتا تھا، علامہ ریاض نجفی

22 Jun 2020 19:18

اپنے ایک تعزیتی بیان میں وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر کا کہنا تھا کہ علامہ طالب جوہری کے انتقال سے بلا شبہ وہ علمی خلاء پیدا ہوا ہے، جو مدتوں پُر نہ ہوسکے گا۔ اُنکے علمی آثار مکتب ِاہلبیت ؑ کا قابلِ قدر ورثہ ہیں۔ وفاق المدارس الشیعہ کے سربراہ نے مرحوم عالم دین کی بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ خداوند متعال نصف صدی سے زائد اُنکی علمی و دینی خدمات پر اجر ِعظیم عطا فرمائے اور انکے آثار کو صدقہ جاریہ قرار دے۔


اسلام ٹائمز۔ رئیس الوفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے برِصغیر کی ممتاز علمی، دینی شخصیت، نامور خطیب، منفرد اسلوب کے مالک اہلِ قلم علامہ طالب جوہری کی وفات پر افسوس اور رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم عالم دین کی موت کی خبر دنیا بھر کے علمی و دینی حلقوں میں نہایت رنج و الم کیساتھ سنی گئی۔ مرحوم طالب جوہری کے فرزند مولانا اسد جوہری کے نام تعزیتی مراسلے میں حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ مرحوم طالب جوہری کی ذہانت، فطانت اور موثر خطابت کا اعتراف عمومی و خصوصی حلقوں کے علاوہ تمام مسالک، اعلیٰ سرکاری حلقوں میں بھی کیا جاتا تھا۔ اُن کے تفسیرِ قرآن کے خطابات تمام مکاتب ِ فکر کے اہلِ علم سنتے اور سراہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اُن سے نجف اشرف کے زمانہء طالب علمی سے تعلق تھا۔ اُن کا شمار پاک و ہند کے ذہین و فطین طلباء میں سے ہوتا تھا۔ آیت اللہ العظمیٰ سید ابو القاسم الخوئی کے درس میں برِّصغیر کے اُن سمیت ہم فقط تین طلباء شرکت کرتے تھے۔ تیسرے علامہ سید ذیشان حیدر جوادی تھے۔ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ علامہ طالب جوہری کے انتقال سے بلا شبہ وہ علمی خلاء پیدا ہوا ہے، جو مدتوں پُر نہ ہوسکے گا۔ اُن کے علمی آثار مکتب ِاہل بیت ؑ کا قابلِ قدر ورثہ ہیں۔ وفاق المدارس الشیعہ کے سربراہ نے مرحوم عالم دین کی بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ خداوند متعال نصف صدی سے زائد اُن کی علمی و دینی خدمات پر اجر ِ عظیم عطا فرمائے اور ان کے آثار کو صدقہ جاریہ قرار دے۔


خبر کا کوڈ: 870190

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/870190/علامہ-طالب-جوہری-کا-شمار-برصغیر-کے-ذہین-علماء-میں-ہوتا-تھا-ریاض-نجفی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org