QR CodeQR Code

مسجد اقصی پر فلسطینی محکمۂ اوقاف کا کنٹرول ختم کیا جا رہا ہے، شیخ عکرمہ صبری

23 Jun 2020 16:59

مسجد اقصی کے خطیب و ہیئت اسلامی فلسطین کے سربراہ شیخ عکرمہ صبری نے عرب اخبار "عربی 21" کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کیجانب سے مسجد اقصی کیخلاف اپنی مذموم سازشوں کو عملی جامہ پہانے کیلئے موجودہ وقت کو انتہائی مناسب قرار دیئے جانیکی اصلی وجہ عالم اسلام و عرب دنیا کے آپسی خونی جھگڑے اور اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنیکی انکی دوڑ ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں مسجد اقصی کے اندر سے گرفتار کی گئی بیگناہ خواتین نمازیوں کی فی الفور آزادی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مسجد اقصی کے متولی کو شہر بدر کئے جانے کا حکم نامہ بھی فوری طور پر واپس لیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ مسجد اقصی کے خطیب و ہیئت اسلامی فلسطین کے سربراہ شیخ عکرمہ صبری نے عرب اخبار "عربی 21" کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد اقصی پر فلسطینی محکمہ اوقاف کا کنٹرول ختم کیا جا رہا ہے۔ شیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم کے اقدامات، مسجد اقصی کے خلاف کھلی جارحیت اور اس پر قبضے کی مذموم سازش پر مبنی ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے مسجد اقصی کے خلاف اپنی مذموم سازشوں کو عملی جامہ پہانے کے لئے موجودہ وقت کو انتہائی مناسب قرار دیئے جانے کی اصلی وجہ عالم اسلام و عرب دنیا کے آپسی خونی جھگڑے اور اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی ان کی دوڑ ہے۔

خطیب مسجد اقصی و سربراہ ہیئت اسلامی فلسطین شیخ عکرمہ صبری نے اپنی گفتگو کے دوران اسرائیلی پولیس کی جانب سے "باب الرحمہ" پر یورش، مسجد اقصی کی بے حرمتی اور متولی سمیت وہاں موجود 5 خواتین نمازیوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اور کہا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے اس غیرذمہ دارانہ رویّے کا اصلی مقصد مسجد اقصی کی دینی، تاریخی اور قانونی حیثیت کو بدلنا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مسجد (الاقصی) صرف اور صرف مسلمانوں کے ساتھ مخصوص ہے جس کو کسی طور بھی تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان شخص کو اس مسجد کے کسی بھی حصے میں نماز ادا کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں مسجد اقصی کے اندر سے گرفتار کی گئی بیگناہ خواتین نمازیوں کی فی الفور آزادی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مسجد اقصی کے متولی کو شہر بدر کئے جانے کا حکم نامہ بھی فوری طور پر واپس لیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 870410

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/870410/مسجد-اقصی-پر-فلسطینی-محکمہ-اوقاف-کا-کنٹرول-ختم-کیا-جا-رہا-ہے-شیخ-عکرمہ-صبری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org