0
Tuesday 23 Jun 2020 23:30

بھارت جیسا کریگا ویسا ہی جواب دیا جائیگا، شاہ محمود قریشی

بھارت جیسا کریگا ویسا ہی جواب دیا جائیگا، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت جیسا کرے گا، ویسا ہی جواب دیا جائے گا، اگر پاکستانی ہائی کمیشن کا عملہ واپس آئے گا تو بھارت کا عملہ بھی واپس جائے گا۔ بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد آدھی کرنے کا اعلان کیا ہے، جس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاکستانی ہائی کمیشن عملے پر الزامات بےبنیاد ہیں، بھارت کا جیسا ہمارے سفارتکاروں سے رویہ ہے، اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، لیکن اب بھارت جیسا کرے گا، ویسا ہی جواب دیا جائے گا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کورونا سے بھارت میں بارہ کروڑ لوگ بے روزگار ہوئے ہیں، لاک ڈاون لگنے سے وہاں کی عوام میں اتنی بھوک پھیلی کہ لوگوں نے مرے ہوئے کتوں کا گوشت کھایا، دوسری جانب چین کے ہاتھوں شرمندگی کے باعث بھارت منہ چھپاتا پھر رہا ہے، اس شرمندگی سے بچنے کے لئے بھارت پاکستان کےخلاف فالس آپریشن کا بہانہ تلاش کر رہا ہے، اور ایک بار پھر پاکستان کے خلاف میلی آنکھ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کم ظرف اور پاکستان دشمنی کا منجن بیچنا چاہتا ہے، عالمی برادری اس وقت بھارت کو اس خطے کیلئے خطرہ سمجھتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن ارکان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے، اس لئے انہیں بھارت واپس بھیجا گیا، لیکن اس کے ردعمل میں بھارت نے بڑا بھونڈا الزام لگایا اور پاکستانی ہائی کمیشن کے اسٹاف میں 50 فیصد کمی کر دی، جو ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، بھارت جیسا رویہ اپنائے گا، اسے اسی طریقے سے جواب دیا جائے گا، بھارت بھی ہائی کمشین کے 50 فیصد اسٹاف کا سامان باندھے، فارن سیکریٹری کو کہہ دیا ہے کہ بھارت کے عملے کو بھی 50 فیصد فوری کم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 870470
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش