QR CodeQR Code

اصغریہ کے زیر اہتمام کورونا کیخلاف برسرپیکار ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب

24 Jun 2020 10:38

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین اصغریہ تحریک حسین موسوی نے کہا کہ ایمانداری سے اپنی ذمہ داری ادا کرنے والے ڈاکٹرز اللہ کی راہ میں لڑنے والے مجاہد کی حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ اس دوران اگر ڈاکٹر کا انتقال ہوتا ہے، تو وہ شہید کی حیثیت رکھتا ہے، اور شہید کی حیثیت احادیث میں واضح ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے زیر اہتمام کورونا وائرس کے خلاف جہاد میں صف اول میں لڑنے والے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مہیڑ شہر دادو میں تقریب ہوئی، اس موقع پر چیئرمین اصغریہ تحریک انجینئر سید حسین شاہ موسوی، مرکزی جنرل سیکریٹری شہزاد رضا، ڈویژنل رہنما میثم علی اصغری، تبلیغ دین مصطفیٰ کے انچارج انجنئیر حبیب اللہ حسینی بھی موجود تھے۔ تقریب میں کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹرز میں ضلع دادو کے ذمہ دار ڈاکٹر ہدایت علی کھوسو، ڈاکٹر امام الدین کھوسو، ڈاکٹر فہیم الدین سومرو، ڈاکٹر جاوید علی لاکیر شریک ہوئے۔ اصغریہ تحریک کے رہنماؤں نے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین اصغریہ تحریک انجینئر سید حسین شاہ موسوی نے کہا کہ کورونا وائرس کے وبائی صورت میں پیرا میڈیکل اسٹاف بلخصوص ڈاکٹرز کا کردار قابل تحسین ہے، ان کی محنت لگن، اور استقامت کو اصغریہ تحریک قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

حسین موسوی نے کہا کہ اس بیماری میں مبتلا مریضوں کی زندگی بچانے کیلئے ایمانداری سے اپنی ذمہ داری ادا کرنے والے ڈاکٹرز اللہ کی راہ میں لڑنے والے مجاہد کی حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ اس دوران اگر ڈاکٹر کا انتقال ہوتا ہے، تو وہ شہید کی حیثیت رکھتا ہے، اور شہید کی حیثیت احادیث میں واضح ہے۔ اس موقع پر اصغریہ تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری شہزاد رضا نے کہا کہ ڈاکٹرز اس وقت فوجی کی حیثیت رکھتے ہیں، جو کہ اس مشکل وقت میں اپنی زندگی کو مشکل میں ڈال کر مخلوق خدا کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ ڈویژنل صدر میثم علی اصغری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر مسیحائی کردار ادا کر رہے ہیں، جو کہ اپنے گھروں، اپنے بچوں سے دور رہ کر انسان کی زندگی بچانے میں مشغول عمل ہے، مگر بدقسمتی سے شہری غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پہ عمل نہیں کر رہے، جس وجہ سے روز بروز متاثرین میں اضافہ ہو رہا ہے۔

کورونا وائرس کے خلاف سرکاری کمیٹی کے ذمہ دار ڈاکٹر ہدایت علی کھوسو نے اصغریہ تحریک کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کی جانب سے ہم اصغریہ تحریک اور چئیرمین انجنئیر سید حسین موسوی کے شکر گذار ہیں کہ وہ ہر وقت ہماری رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا سبب بنتے رہے ہیں، ہم اپنی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں، جبکہ اس صورتحال میں اصغریہ علم و عمل تحریک اپنے کردار کو بخوبی انجام دے رہی ہے، لوگوں کو مساجد، آئمہ جمعہ و جماعت، سوشل میڈیا پر مسلسل لوگوں کو کورونا سے احتیاطی تدابیر بتانے میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے، تھلسمیا کے مریضوں، پلازمہ ڈونرز کیلئے بھی اصغریہ تحریک کے خدمات لائق تحسین ہے۔


خبر کا کوڈ: 870521

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/870521/اصغریہ-کے-زیر-اہتمام-کورونا-کیخلاف-برسرپیکار-ڈاکٹرز-کو-خراج-تحسین-پیش-کرنے-کیلئے-تقریب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org