QR CodeQR Code

پی آئی اے کا جعلی لائسنس اور ڈگری والے پائلٹس کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

24 Jun 2020 19:32

پی آئی اے کے 4 پائلٹس کو نوکریوں سے برخاست کرنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، چاروں پائلٹس نے گزشتہ ڈیڑھ سال سے ایک بھی پرواز آپریٹ نہیں کی اور ماہانہ تنخواہ لیتے رہے، 4 پائلٹس میں ایک خاتون ہواباز بھی شامل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پی آئی اے نے جعلی لائسنس اور جعلی ڈگری رکھنے والے پائلٹس کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے طیارہ حادثے کی عبوری تحقیقاتی رپورٹ پیش ہونے کے بعد اہم فیصلے متوقع ہیں، ذرائع کے مطابق ایک تہائی پائلٹس کے مبینہ جعلی لائسنس کی روشنی میں کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ سی اے اے سے فہرستیں بھی طلب کرلی گئی ہیں، ایسے تمام پائلٹس کو انکوائری مکمل ہونے تک فوری طور پر گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ائیر مارشل ارشد ملک نے لیگل اور فلائیٹ آپریشنز ٹیموں کو طلب کرلیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے 400 پائلٹ میں سے 150 کپتانوں کے پاس مبینہ جعلی لائسنس کا انکشاف ہوا ہے،  سی اے اے کی شبعہ ریگولیٹری کے خلاف بھی تحقیقات کے حوالے سے باضابطہ اعلان وفاقی وزیر غلام سرور خان کی پریس کانفرنس میں متوقع ہے۔

پی آئی اے کے 4 پائلٹس کو نوکریوں سے برخاست کرنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، چاروں پائلٹس نے گزشتہ ڈیڑھ سال سے ایک بھی پرواز آپریٹ نہیں کی اور ماہانہ تنخواہ لیتے رہے، 4 پائلٹس میں ایک خاتون ہواباز بھی شامل ہے، خاتون پائلٹ پی آئی اے سے چھٹی لے کر ترکی کی نجی ایئرلائن میں کام کر رہی ہیں، خاتون پائلٹ نے اے 320 جہاز کی تربیت پی آئی اے کے خرچ پر کی اور سرٹیفکیٹ لیکر ترکی چلی گئیں۔ خاتون پائلٹ سے ڈیڑھ سال کی تنخواہ اور سیمولیٹر تربیت کے اخراجات واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پائلٹس کی شیڈولنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 870635

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/870635/پی-ا-ئی-اے-کا-جعلی-لائسنس-اور-ڈگری-والے-پائلٹس-کیخلاف-سخت-کارروائی-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org