QR CodeQR Code

اسرائیل اپنا "الحاقی منصوبہ" فورا مکمل کرے تاکہ ناجائز فائدہ نہ اٹھایا جا سکے، شیخ ہانی بن برک

جنوبی عبوری کونسل فلسطین کیساتھ ساتھ اسرائیل کو بھی تسلیم کرتی ہے

25 Jun 2020 04:37

فلسطینی اخبار القدس العربی کیمطابق متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ جنوبی یمن کی علیحدگی پسند تنظیم "جنوبی عبوری کونسل" کے سلفی نائب صدر نے اپنی تنظیم کے اصلی موقف سے پردہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے بلکہ اسکے ناجائز قبضے کی حمایت کرتے ہوئے اسے جلد از جلد مذموم "الحاقی منصوبے" کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جنوبی یمن میں متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ علیحدگی پسند تنظیم "جنوبی عبوری کونسل" کے نائب صدر شیخ ہانی بن برک نے اپنی تنظیم کے حقیقی موقف سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ فلسطینی اخبار القدس العربی کے مطابق ہانی بن برک نے کہا ہے کہ یمن کی جنوبی عبوری کونسل ملک فلسطین کے ساتھ ساتھ اسرائیل کو بھی تسلیم کرتی ہے۔ سلفی شیخ ہانی بن برک نے اپنی گفتگو میں اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مزید فلسطینی اراضی پر اپنا "الحاقی منصوبہ" جلد از جلد مکمل کر لے تاکہ اس سے غلط فائدہ نہ اٹھایا جا سکے۔ متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ یمنی جنوبی عبوری کونسل کے نائب صدر نے اپنی گفتگو میں غاصب صیہونی رژیم کے بارے میں کہا کہ وہ قابض نہیں بلکہ اپنی سرزمین کے اندر موجود ہے۔ ہانی بن برک کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کسی بھی ملک یا شخص کو اپنا دشمن نہیں جانتی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل صیہونی اخبار "اسرائیل ہیوم" نے اپنے ایک کالم میں اسرائیل کے ساتھ یمن کی جنوبی عبوری کونسل کے خفیہ رابطوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اُسے "جنوبی یمن میں اسرائیل کا ایک اہم دوست" قرار دیا تھا۔ اسرائیلی اخبار نے "جنوبی عبوری کونسل" کی جانب سے جنوبی یمن کے اندر خودمختاری کے اعلان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ مغربی ایشیاء کے بند دروازوں کے پیچھے ایک "نیا ملک" وجود میں آ چکا ہے کہ جس کی حکومت نے عیدروس قاسم عبدالعزیز الزبیدی (سابقہ گورنر عدن) کی سربراہی میں تل ابیب کے ساتھ رابطہ قائم کر رکھا ہے۔


خبر کا کوڈ: 870699

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/870699/اسرائیل-اپنا-الحاقی-منصوبہ-فورا-مکمل-کرے-تاکہ-ناجائز-فائدہ-نہ-اٹھایا-جا-سکے-شیخ-ہانی-بن-برک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org