0
Thursday 25 Jun 2020 10:52

قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے ایس او پیز 30 جون تک مکمل کر لیں گے، اعجاز احمد شاہ

قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے ایس او پیز 30 جون تک مکمل کر لیں گے، اعجاز احمد شاہ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی نماز کیلئے عیدالفطر والے ایس او پیز ہوں گے۔ عید قربان کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کی آمد آمد ہے لیکن جولائی میں کورونا وبا اپنے عروج پر ہوگی، اس لیے عید قربان پر زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید قربان کی نماز کے لیے عید الفطر والے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) ہی ہوں گے، قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے ایس او پیز بنا رہے ہیں اور اس کے لیے علما سے مشاورت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کے لیے صوبوں سے بھی مشاورت کی جائے گی اور قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے ایس او پیز 30 جون تک مکمل کر لیں گے۔ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ہمیں قوم بن کر کورونا وبا کا مقابلہ کرنا ہے جبکہ پوری قوم کورونا کے جلد خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔

واضح رہے کہ عیدالفطر سے قبل ملک بھر میں کورونا سے بچاؤ کے لیے کم از کم 2 ماہ تک لاک ڈاؤن نافذ رہا تھا، تاہم رمضان المبارک کے وسط میں عید کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی تھی اور سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز عید کے اجتماعات کی بھی اجازت دی گئی تھی۔ اس سے قبل مساجد میں نماز جمعہ سمیت دیگر اجتماعی عبادات پر پابندی عائد تھی۔ حکومت کی جانب سے نماز عید کے اجتماعات کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ اجازت دیے جانے کے بعد ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے تھے اور اس موقع پر حکومتی احتیاطی تدابیر پر عمل بھی کیا گیا۔ پاکستان کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں مساجد سمیت عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد و متاثر اور ہلاک کرنے والے نوول کورونا وائرس کے پاکستان میں بھی کیسز اور اموات بڑھ رہی ہیں اور اب تک ایک لاکھ 91 ہزار 22 لوگ اس سے متاثر جبکہ 3 ہزار 808 انتقال کر چکے ہیں۔ ملک میں 24 جون کو کورونا وائرس کے مزید 3622 نئے کیسز اور 78 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ گئی۔ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ تبدیل ہوتی جارہی ہے اور کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اپنائی ہے، جس میں وائرس سے متاثرہ علاقوں کو سیل کرکے وہاں نقل و حرکت کو محدود رکھا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 870733
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش