QR CodeQR Code

پاراچنار میں سخت سکیورٹی کے باوجود دھماکہ سوالیہ نشان ہے، علامہ وحید کاظمی

25 Jun 2020 23:24

اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاراچنار انتظامیہ زمینوں کے مسائل کو دانستہ طور پر الجھا کر عوام کے شکوک و شبہات کو تقویت دے رہی ہے۔ اداروں میں اختیارات کی کھینچا تانی عوام کے مسائل میں اضافے کا باعث ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید عباس کاظمی نے پارا چنار بم دھماکے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتظامی نااہلی قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ علاقے کے امن و امان کو یقینی بنانا ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ایک ایسے حساس علاقے تک جہاں مختلف رہاستی ادارے نگرانی کر رہے ہیں، بارودی مواد کا پہنچ جانا بہت سارے سوالات کو جنم دیتا ہے۔ اس سے قبل بھی شورکی دھماکے کے ذریعے علاقائی امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک اہم مقام کو نشانہ بنا کر ملک دشمن عناصر نے قومی سلامتی کے اداروں اور انتظامیہ کو للکارا ہے۔ دہشت گردوں کی کمین گاہوں کا تدارک کرکے انہیں بھرپور جواب دینا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاراچنار انتظامیہ زمینوں کے مسائل کو دانستہ طور پر الجھا کر عوام کے شکوک و شبہات کو تقویت دے رہی ہے۔ اداروں میں اختیارات کی کھینچا تانی عوام کے مسائل میں اضافے کا باعث ہے۔ اگر حالات کو درست سمت کی طرف نہ موڑا گیا تو احتجاج اور انتظامیہ کے خلاف عدم اعتماد کے آئینی حق کو استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیراعظم، آرمی چیف، وزیراعلیٰ اور کور کمانڈر سے مطالبہ کیا ہے کہ پاراچنار کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل اور ناانصافیوں کا فوری ازالہ کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 870840

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/870840/پاراچنار-میں-سخت-سکیورٹی-کے-باوجود-دھماکہ-سوالیہ-نشان-ہے-علامہ-وحید-کاظمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org