QR CodeQR Code

پارلیمنٹ میں اسامہ بن لادن کو شہید قرار دیکر عمران خان نے خود کو طالبان خان ثابت کر دیا، مصطفیٰ نواز کھوکھر

25 Jun 2020 21:25

اپنے بیان میں اپوزیشن رہنماء نے کہا کہ نے کہا کہ اسامہ بن لادن کو شہید کہہ دینے سے عمران خان قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، اگر وہ شہید ہیں تو پھر ان عام شہریوں اور ہمارے فوجیوں کی کیا حیثیت ہے جنہوں نے القاعدہ کے حملوں میں شہادت قبول کرلی؟۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے عمران کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن کو شہید کہہ دینے سے عمران خان قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ شہید ہیں تو پھر ان عام شہریوں اور ہماری مسلح افواج کے ممبروں کی کیا حیثیت ہے جنہوں نے القاعدہ کے حملوں میں شہادت قبول کرلی؟۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ القاعدہ کے حملوں میں ہزاروں شہری اور نوجوان شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا آخر عمران خان نئی نسل کو کیا تاثر دینا چاہتے ہیں۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج عمران خان نے خود کو پارلیمنٹ میں طالبان خان ثابت کر دیا، دونوں کے مابین ہونے والی ملاقاتوں سے ہی عمران خان طالبان کا گٹھ جوڑ واضح ہوگیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہی شخص ہے جس نے طالبان سے پاکستان میں اپنے دفاتر کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے آج پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں واشنگٹن کی حمایت کرنے کے باوجود بہت زیادہ ذلت کا سامنا کرنا پڑا تھا اور پھر اسے افغانستان میں امریکا کی ناکامیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایبٹ آباد میں آکر (القاعدہ کے رہنما) اسامہ بن لادن کو ماردیا، شہید کردیا اور اس کے بعد کیا ہوا؟ پوری دنیا نے ہم پر لعن طعن کیا اور ہمارے کے خلاف بیانات دیے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اس وقت پاکستان کو سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ مئی 2011 میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں امریکا کی اسپیشل فورسز نے حملہ کرکے اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا تھا۔

 


خبر کا کوڈ: 870888

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/870888/پارلیمنٹ-میں-اسامہ-بن-لادن-کو-شہید-قرار-دیکر-عمران-خان-نے-خود-طالبان-ثابت-کر-دیا-مصطفی-نواز-کھوکھر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org