QR CodeQR Code

"الحاقی منصوبہ" اعلان جنگ جبکہ قیدیوں کا تبادلہ اولین ترجیح ہے، القسام بریگیڈ

25 Jun 2020 22:39

فلسطینی خبررساں ایجنسی شہاب کیمطابق حماس کے عسکری ونگ "القسام بریگیڈ" کے ترجمان نے 12 سال قبل کامیابی کیساتھ مکمل ہونیوالے اپنے "وہم کا خاتمہ" نامی آپریشن کی سالگرہ کے موقع پر اسرائیل کیساتھ قیدیوں کے تبادلے پر اپنی رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مذموم "الحاقی منصوبے" کو عملی جامہ پہنانیکی کوشش کی گئی تو فلسطینی مزاحمتی محاذ اپنی بھرپور کارروائیوں کا آغاز کر دیگا۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے 25 جون 2006ء کو غاصب صیہونی رژیم کے خلاف کامیابی کے ساتھ انجام پانے والے اپنے "وہم کا خاتمہ" نامی آپریشن کی سالگرہ کے موقع پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیل کو مزید فلسطینی اراضی پر قبضے کے حوالے سے متنبہ کیا ہے۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی شہاب کے مطابق القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے اس بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل میں موجود غیور فلسطینی قیدیوں کی آزادی کے لئے ایک نیا معاہدہ القسام بریگیڈ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے اپنے بیان میں غاصب صیہونی رژیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل جان لے کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کے پاس اپنے قیدیوں کو آزاد کروانے کے لئے متعدد انتخاب موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ مذموم "الحاقی منصوبے" کو اعلان جنگ تصور کرتا ہے۔ حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان نے کہا کہ اگر مذموم الحاقی منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی گئی تو فلسطینی مزاحمتی محاذ اپنی بھرپور کارروائیوں کا آغاز کر دے گا جس سے غاصب صیہونی رژیم کو بچھتاوے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ آج سے 12 سال قبل اسی روز غاصب صیہونی رژیم کو القسام بریگیڈ کے ہاتھوں قید 1 اسرائیلی فوجی کے بدلے 1 ہزار 27 فلسطینی قیدی آزاد کرنا پڑے تھے۔


خبر کا کوڈ: 870900

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/870900/الحاقی-منصوبہ-اعلان-جنگ-جبکہ-قیدیوں-کا-تبادلہ-اولین-ترجیح-ہے-القسام-بریگیڈ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org