QR CodeQR Code

دیانت اور رزق حلال ہمیشہ فائدے مند ثابت ہوتے ہیں، جسٹس (ر) جاوید اقبال

26 Jun 2020 11:05

اسلام آباد میں گفتگو کے دوران چئیرمین نے کہا کہ ڈبل شاہ کو سنگل شاہ بنایا گیا تھا، نیب نے ڈبل شاہ کی لوٹی ہوئی چار ارب کی رقم کی وصولی کرکے متاثرین کو واپس کردی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ جلد دولت کمانے والوں کو سمجھنا چاہیے کہ قبر میں خالی ہاتھ جانا ہے۔ انہوں نےکہا کہ نیب شفافیت اورقانون کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا کہ دیانت اور رزق حلال ہمیشہ فائدے مند ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل شاہ کو سنگل شاہ بنایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب نے ڈبل شاہ کی لوٹی ہوئی چار ارب کی رقم کی وصولی کرکے متاثرین کو واپس کردی تھی۔ اسلام آباد میں گفتگو کے دوران چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ملزم تصور گیلانی سے 1.2 ارب روپے متاثرین کو واپس کروائے۔

انہوں نے واضح  طور پر کہا کہ نجی ہاؤسنگ اور کوآپریٹو سوسائٹی کے کیسز قانون کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ریگولیٹرز جعلی اورغیر رجسٹرڈ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے اشتہارات کا نوٹس لیں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جو ہمارے وسائل کھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب، احتساب سب کے لیے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ہدایات دیں کہ تمام انکوائریوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب میں پیشی کے دوران تمام ملزمان کی عزت نفس کو یقینی بنایا جائے۔
 


خبر کا کوڈ: 870962

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/870962/دیانت-اور-رزق-حلال-ہمیشہ-فائدے-مند-ثابت-ہوتے-ہیں-جسٹس-ر-جاوید-اقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org