0
Friday 26 Jun 2020 11:34

آصف زرداری پر بذریعہ ویڈیو لنک فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ

آصف زرداری پر بذریعہ ویڈیو لنک فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی تاہم سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور دیگر پر فردِ جرم آج بھی عائد نہ ہو سکی۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے آصف زرداری پر 6 جولائی کو ویڈیو لنک کے ذریعے فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ آصف زرداری عدالت میں پیش نہ ہوئے، انہوں نے وکیل کے ذریعے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے تھے تو انہیں کورونا وائرس ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے لیے سفر کرنا مشکل ہے، ان کی عمر زیادہ ہے، اس لیے انہیں کورونا وائرس کا خطرہ بھی زیادہ ہے۔

جج اعظم خان نے فاروق ایچ نائیک سے کہا کہ آپ بھی تو پیش ہو رہے ہیں، کیا آپ کو زندگی پیاری نہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ پیش ہو رہے ہیں تو آصف علی زرداری کو بھی بلا لیں، زیادہ مسئلہ ہے تو آصف زرداری کو الگ بلا کر ان سے دستخط لے لیتے ہیں۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پوری دنیا میں غیر معمولی صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔ جعلی بینک اکاؤنٹس کے پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری اور دیگر پر فردِ جرم عائد نہ ہو سکی تاہم احتساب عدالت نے آصف زرداری پر 6 جولائی کو ویڈیو لنک کے ذریعے فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں نامزد ملزمان کو فردِ جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر لیا جبکہ نیب کو فردِ جرم عائد کرنے کے لیے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
خبر کا کوڈ : 870977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش