0
Saturday 27 Jun 2020 00:04

حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا، فی لیٹر 25 روپے سے زائد کا اضافہ

حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا، فی لیٹر 25 روپے سے زائد کا اضافہ
اسلام ٹائمز۔ حکومت نے کورونا وبا کی وجہ سے معاشی مسائل سے دوچار عوام پر پٹرولیم بم گرا دیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 17 روپے سے 25.58 روپے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے  پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے کیا جائے گا۔ اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 25.38 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 21.31 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 23.50 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 17.84 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ وزارت خزنہ کے اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت 74.52 روپے سے بڑھا کر 100.10 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 80.15 روپے سے بڑھا کر 101.46 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت 35.56 روپے سے بڑھا کر 59.06 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 38.14 روپے سے بڑھا کر55.98 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔

گذشتہ ماہ حکومت نے عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے بعد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے تک کمی کی تھی۔ تاہم پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود اس کی عدم دستیابی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت پیٹرولیم و توانائی نے مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی تحقیقات کا آغاز کی بھی کیا۔ علاوہ ازیں حکومت نے گذشتہ ماہ بھی عالمی سطح پر پیٹرولیم کی کم ہونے والی قیمتوں کا پورا فائدہ عوام تک نہیں پہنچایا تھا اور پیٹرولیم لیوی میں 6 روپے اضافہ کرکے اسے زیادہ سے زیادہ سطح تک لے گئی تھی۔ واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ماہ کے آخری دن تبدیلی کی جاتی ہے اور اگلے مہینے کی پہلی تاریخ سے ان قیمتوں کا اطلاق کیا جاتا ہے، تاہم حالیہ اضافہ معمول کے برخلاف مہینے کے اختتام سے قبل ہی لاگو کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 871076
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش