0
Saturday 27 Jun 2020 10:28

دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم اضافہ ہوا، شبلی فراز

دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم اضافہ ہوا، شبلی فراز
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم اضافہ ہوا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کے دفاع میں سینیٹر شبلی فراز نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ کرونا وبا نے دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کیا۔ بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایسا اضافہ نہیں دیکھا۔ اسی وجہ سے قیمتوں میں نظرثانی کرنا پڑی۔ شبلی فراز نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں کم اضافہ ہوا۔ عوام کی فلاح پہلی ترجیح ہے، انہیں ریلیف دینے کی کوشش کرتے رہیں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بھی اپنی ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں میں خام تیل کی عالمی منڈی میں قیمت 20 ڈالر فی بیرل سے 41.8 ڈالر فی بیرل پہنچ گئی ہے۔ پچھلے 46 روز میں عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتوں میں 112 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس ہوشربا اضافے کا اثر یقیناً ہمارے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی متوقع تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو جواز بنا کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ کیا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 25.38 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 21.31 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 23.50 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 17.84 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 871110
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش