QR CodeQR Code

تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور رہیں گے، پرویز الہی

27 Jun 2020 12:19

وزیراعلیٰ پنجاب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی ہے، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ اکٹھے تھے، اکٹھے ہیں اور اکٹھے رہیں گے، تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور رہیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کی ہے، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے گفتگو کرتے چوہدری پرویز نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے مشن میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب نے مشکل معاشی حالات میں بہتر بجٹ پیش کیا، ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کو ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن دیکھ رہے ہیں، عثمان بزدار سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے، مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی ہے، اسے ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حزب اختلاف نے کورونا وائرس کی وباء سمیت ہر نازک موقع پر ہمیشہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی ہے۔ سردار عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں مایوسی کا شکار ہیں، چوہدری پرویز الٰہی کی پارلیمانی خدمات قابل تحسین ہیں۔


خبر کا کوڈ: 871156

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871156/تحریک-انصاف-کے-اتحادی-ہیں-اور-رہیں-گے-پرویز-الہی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org