QR CodeQR Code

پیرا شوٹر حکمران مافیاز کی سرپرستی کرتے ہیں، شہباز شریف

27 Jun 2020 22:03

اپنی ٹویٹ میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونیوالی اصل قیادت عوام کے مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتی ہے، جبکہ پیراشوٹ سے اقتدار میں آنیوالے عوام کے بجائے مافیاز کے مفادات پورے کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیراشوٹ کے ذریعے اقتدار میں آنے والے حکمران مافیاز کی سرپرستی کرتے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن) اور پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والی اصل قیادت عوام کے مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتی ہے، جبکہ پیراشوٹ سے اقتدار میں آنے والے عوام کے بجائے مافیاز کے مفادات پورے کرتے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ نیازی حکومت نے کل رات اچانک پٹرول بم گرا کر ثابت کیا کہ وہ عوام کو کچھ نہیں سمجھتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور مافیاز کے درمیان مضبوط ربط و تعلق کا ایک ثبوت جیبیں بھرنے کے لئے گندم، چینی اور ادویات کی قیمتوں میں کئے گئے ہوشربا اور ظالمانہ اضافہ میں کمی کا نہ ہونا ہے، جس کا مطلب ہے کہ عمران خان مافیاز کی ملی بھگت سے عوام کی جیبوں سے کروڑوں روپے نکال رہے ہیں۔ دوسری جانب شہباز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ عدالت سے سزا ہوئی تو بیمار ہوکر حقیقی وطن لندن فرار ہوگئے، کورونا میں ہیرو بننے آئے لیکن جب نیب نے بلایا تو پھر بیمار ہوگئے۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ اس منتخب قیادت کی بات کر رہے ہیں، جن کے پاس ٹی ٹیز اور لندن فلیٹس کا کوئی جواب نہیں، بے نامی اکاؤنٹس اور آمدن سے زائد اثاثوں کا بھی کوئی جواب نہیں، کیا اسی کو حقیقی قیادت کہتے ہیں۔؟


خبر کا کوڈ: 871265

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871265/پیرا-شوٹر-حکمران-مافیاز-کی-سرپرستی-کرتے-ہیں-شہباز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org