0
Sunday 28 Jun 2020 09:00

لاہور، علما، خطباء، ذاکرین اور واعظین کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

لاہور، علما، خطباء، ذاکرین اور واعظین کیلئے ضابطہ اخلاق جاری
اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء بورڈ نے تمام مکاتبِ فکر کے علما، خطباء، ذاکرین اور واعظین کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ قرآن و سنت کی تعلیمات کیخلاف ہر قسم کی فتویٰ بازی کو روکا جائے گا، انتشار اور فساد پھیلانے والے فتویٰ بازوں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز لاہور میں چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب حافظ طاہر اشرفی نے متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے شرکت کی۔
 
علماء میں علامہ عارف حسین واحدی، علامہ محمد حسین اکبر، حافظ زبیر احمد ظہیر، پیر محفوظ مشہدی، مولانا محمد خان لغاری، علامہ ضیاء الحق نقشبندی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مولانا عبدالوہاب روپڑی، علامہ ذاکر الرحمٰن، علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا علی احمد ڈھلوں، مولانا محمد عثمان قادری، ڈاکٹر سرفراز اعوان، مولانا سعداللہ شفیق، مولانا اسد اللہ فاروقی، علامہ زبیر عابد، مولانا عثمان بیگ فاروقی، مولانا محمد رفیق جامی، مولانا شفیع قاسمی، قاسم علی قاسمی اور دیگر علماء و مشائخ شامل تھے۔
 
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب نے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ، ذاکرین اور واعظین سے مشترکہ ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی فرد، جماعت یا گروہ کو وطن عزیز میں انتشار پیدا کرنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں ملک میں فرقہ وارانہ تشدد پیدا کرنا چاہتی ہیں، باہمی اتحاد سے ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ چیئرمین طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب کے تمام شہروں میں امن کمیٹیوں اور تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس سے اپیل کرتے ہیں کہ اشتعال پھیلانے والے عناصر کی اطلاع مقامی پولیس اور انتظامیہ کو دیں۔
خبر کا کوڈ : 871280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش