QR CodeQR Code

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کا قیام

28 Jun 2020 11:38

اس نشست میں اراکین اجلاس نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے، انہوں نے جہانِ اسلام خصوصاً عرب دنیا کی طرف سے کشمیری بھائیوں پر ہونیوالے مظالم پر اختیار کی گئی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا، اراکینِ اجلاس نے جہانِ اسلام کیطرف سے اہلیانِ کشمیر کی اخلاقی، سیاسی اور ثقافتی مدد و حمایت کو ایک دینی و الہیٰ فریضہ قرار دیا۔


اسلام ٹائمز۔ کشمیر کے مسئلے پر دنیا کے بے حسی اور عالم اسلام کی عدمِ توجہ کا راہِ حل نکالا جانا چاہیئے۔ اسلامی دنیا خصوصاً عرب ممالک کے عوام اور حکمرانوں تک حقائق کا پہنچانا ضروری ہے۔ کشمیر میں میڈیا پر پابندیوں اور ہندوستان کی مضبوط سفارتکاری کی وجہ سے کشمیریوں کی آواز دب چکی ہے۔ اس وقت طویل ترین کرفیو، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور نہتے عوام پر قابض افواج کے جاری تشدد کو بے نقاب کرنا ضروری ہے۔ ہمیں بحیثیت مسلمان دنیا بھر میں کشمیریوں کی آواز بننا چاہیئے اور اُن کے حقِ خود ارادیت کا مقدمہ لڑنا چاہیئے۔ کشمیریوں کی مدد کا ایک طریقہ اُن کی آواز کو دنیا تک پہنچانا ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے گذشتہ روز ایران کے معروف و مشہور علمی شہر قم میں سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کا قیام عمل میں لایا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے امورِ خارجہ کے مسئول حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی نے موسسہ باقرالعلوم میں کشمیر اور ہماری ذمہ داریوں کے عنوان سے ایک نشست کا اہتمام کیا۔ اس موضوع پر یہ دوسری نشست تھی۔ اس نشست میں اراکین اجلاس نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے، انہوں نے جہانِ اسلام خصوصاً عرب دنیا کی طرف سے کشمیری بھائیوں پر ہونے والے مظالم پر اختیار کی گئی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا، اراکینِ اجلاس نے جہانِ اسلام کی طرف سے اہلیانِ کشمیر کی اخلاقی، سیاسی اور ثقافتی مدد و حمایت کو ایک دینی و الہیٰ فریضہ قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کو اُن کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے اور کہیں پر بھی کشمیریوں کی ترجمانی کا حق ادا نہیں ہو رہا۔

اجلاس میں اس امر کی فوری ضرورت محسوس کی گئی کہ مختلف زبانوں اور ممالک خصوصاً اسلامی اور عربی ممالک کی برجستہ شخصیات تک کشمیر کا مقدمہ پہنچایا جائے، انہیں کشمیر کی تاریخ، جدوجہد آزادی، حق خود ارادیت کے مطالبے اور کشمیر میں جاری مظالم اور انسانی حقوق کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔ اس موقع پر سپورٹ کشمیر کے عنوان سے ایک ویب سائیٹ کا افتتاح بھی کیا گیا۔ یہ سائیٹ مختلف زبانوں میں مظلوم کشمیریوں کی ترجمانی کرے گی۔ سیر حاصل گفت و شنید کے بعد   سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ یہ طے کیا گیا کہ یہ فورم  مسئلہ کشمیر سے آگاہی کے فروغ اور مذکورہ مقاصد کو عملی کرنے کیلئے مختلف  تحلیلی نشستیں اور کانفرنسز منعقد کروائے گا۔ منظم اور مطلوبہ انداز میں فعالیت کیلئے باہمی مشاورت سے سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کی ایک کور کمیٹی بھی بنائی گئی اور آغا نذر حافی کو اس فورم کا سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 871314

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871314/سپورٹ-کشمیر-انٹرنیشنل-فورم-کا-قیام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org