0
Sunday 28 Jun 2020 12:28

بیرون ملک دوروں پر کس نے کتنی سرکاری رقم خرچ کی

بیرون ملک دوروں پر کس نے کتنی سرکاری رقم خرچ کی
اسلام ٹائمز۔ وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے نواز شریف، آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی، شاہد خاقان عباسی اور عمران خان کے امریکا، ڈیوس اور اقوام متحدہ کے دوروں کے اخراجات کا موازنہ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ بجٹ سیشن کے دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن رکن رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم سیکرٹریٹ اور ہاؤس کے اخراجات پر نکتہ اعتراض بلند کیا۔ رانا ثناء اللہ نے بیان دیا کہ کہا جاتا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کے اخراجات میں کمی کی گئی، ہماری حکومت کے آخری سال وزیر اعظم ہاؤس کا خرچہ 98 کروڑ روپے تھا جب کہ پی ٹی آئی حکومت کے پہلے سال کا خرچہ ایک ارب 6 کروڑ اور اب بڑھ کر ایک ارب 17 کروڑ ہوچکا ہے، بتایا جائے اخراجات میں کہاں کمی ہوئی؟۔

رانا ثنا نے کہا کہ  وزرا کہتے ہیں کہ وزیراعظم ہاؤس میں چائے اور بسکٹ کے علاوہ کچھ نہیں ملتا، کیا لوگ اتنے مالیت کے بسکٹ کھا گئے؟۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے جواب دیا کہ وزیراعظم آفس کے لیے 454 ملین روپے رکھے گئے جن میں سے 137 ملین روپے بچائے گئے، اگر صرف بیرون ممالک دورں کا موازنہ کیا جائے تو آصف علی زرداری نے امریکا کا دورہ کیا تو 7 لاکھ ڈالر خرچ کیے، نوازشریف نے 5 لاکھ 49 ہزار ڈالر اور عمران خان نے صرف 67 ہزار ڈالر خرچ کیے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ آصف زرداری نے اقوام متحدہ کا دورہ کیا اور اس پر 13 لاکھ ڈالر اور نواز شریف نے اقوام متحدہ کے دورے پر 11 لاکھ ڈالر خرچ کیے جبکہ عمران خان نے دورہ اقوام متحدہ پر 1 لاکھ 62 ہزار ڈالر خرچ کیے۔

علی محمد خان کے مطابق اسی طرح وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ڈیوس کے دورے پر 4 لاکھ 60 ہزار ڈالر خرچ، شاہد خاقان عباسی نے 5 لاکھ ڈالر اور نواز شریف نے 7 لاکھ ڈالر خرچ کیے اور ڈیوس میں ایک لفظ بھی نہ بولا۔ علی محمد خان کا جواب دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا جب وزیر اعظم عمران خان دورہ ڈیوس پر گئے تو انہوں نے اپنی میٹنگ میں کہا ان کے دوست نے ان کے دورے پر 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر خرچ کیے ورنہ وہ سرکاری خزانے سے یہ خرچ نہیں کر سکتے تھے میں کہتا ہوں وہ سرکاری خزانے سے خرچ کریں اور پانچ ارب کی جگہ 10 ارب خرچ کریں کیونکہ ان کی اے ٹی ایمز پانچ ارب لگا کر پانچ سو ارب نکالتی ہیں۔ شازیہ مری نے طنز کیا کہ عمران خان سے پوچھا جائے کبھی انہوں ںے اپنے بچوں کی اسکول کی فیس دی ہے؟۔ جو اپنے بچوں کی اسکول فیس نہیں دیتا وہ قوم کے بچوں کا باپ کہاں سے بنے گا؟۔
خبر کا کوڈ : 871318
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش