QR CodeQR Code

کراچی کے ضلع وسطی میں بھی کورونا ٹیسٹنگ کی سہولت دوبارہ بحال

28 Jun 2020 15:35

ضلع جنوبی اور ضلع وسطی کی بڑی آبادی کورونا ٹیسٹ سروس کی سہولت سے محروم تھی۔ شہری نجی لیباریٹریوں اور نجی اسپتالوں سے مہنگے دام ٹیسٹ کرانے پر مجبور تھے۔


اسلام ٹائمز۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کراچی کے ضلع وسطی میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ سروس دوبارہ بحال کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے ضلع جنوبی اور وسطی میں 19 جون کو گھر جاکر کورونا ٹیسٹ کے نمونے لینے کی سہولت کا عمل عارضی طور معطل کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد ضلع جنوبی اور ضلع وسطی کی بڑی آبادی کورونا ٹیسٹ سروس کی سہولت سے محروم تھی۔ شہری نجی لیباریٹریوں اور نجی اسپتالوں سے مہنگے دام ٹیسٹ کرانے پر مجبور تھے، تاہم 23 جون کو ضلع جنوبی میں گھر جاکر کورونا ٹیسٹ کے نمونے لینے کا عمل شروع کر دیا گیا تھا، جبکہ اب ضلع وسطی میں بھی گھر جاکر کورونا ٹیسٹ کے نمونے لینے کی سہولت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈی ایچ او سینٹرل ڈاکٹر نصراللہ میمن کے مطابق ضلع وسطی کے تمام علاقوں میں ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔

آج بھی گھر جاکر ٹیسٹنگ کا عمل جاری رہا ہے، ڈی ایچ او سینٹرل کے دفتر میں بھی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، مائلڈ سمپٹمس والے کورونا کے مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں، سوشل میڈیا پر غلط افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، عوام ان پر اپنے کان نہ دھریں۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق ضلعی جنوبی اورضلع وسطی کا گھروں میں جاکر کورونا ٹیسٹ سیمپل لینے والا طبی عملہ بڑی تعداد میں متاثر ہوا تھا، جس کی وجہ سے سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھی، جو نئے طبی عملے کے بھرتی ہونے کے بعد بحال کر دی گئی۔


خبر کا کوڈ: 871352

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871352/کراچی-کے-ضلع-وسطی-میں-بھی-کورونا-ٹیسٹنگ-کی-سہولت-دوبارہ-بحال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org